امریکا کا انخلا سے پہلے افغان مترجمین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا اعلان

June 25, 2021

کراچی (نیوزڈیسک )امریکی حکومت کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا مکمل ہونے سے پہلے غیر محفوظ افغان مترجمین کے گروپ کو ملک سے باہر محفوظ مقام پر پہنچا دیا جائے گا جہاں سے وہ امریکی ویزہ لینے کا عمل مکمل کر سکیں گے۔برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی عہدیدار نے جمعرات کے روز کہا کہ مترجمین کے اس گروپ میں شامل تمام افراد افغان شہری ہیں جنہوں نے ویزہ حاصل کرنے کا عمل پہلے سے ہی شروع کیا ہوا تھا۔تاہم عہدیدار نے اس حوالے سے معلومات فراہم نہیں کیں کہ ان مترجمین کو کس محفوظ مقام پر پہنچایا جائے گا۔عہدیدار کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر مزید افراد کو محفوظ مقام پر پہنچانے اور منتقلی کے حوالے سے مزید آپشنز پر غور کیا جا سکتا ہے۔صدر جو بائیڈن کی حکومت کے اس فیصلے سے افغانستان میں بحران کی کیفیت پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔