صدر نے اپوزیشن کو عوام کے حقوق کیلئے مل کر کام کرنیکی دعوت دیدی

June 25, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپوزیشن کو دعوت دی ہے کہ سیاسی اختلافات سے بالا تر ہو کر عوام کے بنیادی سیاسی حقوق کیلئے مل کر کام کریں‘ صدر نے کہا کہ موجودہ انتخابی قوانین میں بہتری کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کیلئے تیار ہوں‘ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اوورسیز پاکستانیوں کو ان کے سیاسی حقوق دینے کے ساتھ ساتھ انتخابی عمل کو مزید شفاف‘ محفوظ اور غیر جانبدار بنانے کیلئے انتخابی اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں انتخابی نظام کو مستحکم بنانے کیلئے مل کر کام کرنا سیاسی جماعتوں اور متعلقہ اداروں کی قومی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو انتخابی اصلاحات کے حوالہ سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز‘ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین‘ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود‘ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن امین الحق اور وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ظہیر الدین بابر اعوان نے شرکت کی۔ اس موقع پر انتخابی قوانین میں بہتری کے حوالہ سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کے چیک اور ہنر مند افراد میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت نے خواتین‘ نوجوانوں اور معذور افراد کو بااختیار اور برسر روزگار بنانے کیلئے آسان شرائط پر قرضوں اور سہولیات کی فراہمی کیلئے وافر فنڈز مختص کئے ہیں۔ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو انٹرپرینیئور شپ کی جانب راغب کیا جا رہا ہے اور ان کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔