قانون سازی کیلئے پارلیمانی پارٹیوں کی مشاورتی کمیٹی تشکیل

June 25, 2021

اسلام آباد(ایجنسیاں)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی میں قانون سازی کے لئے تمام پارلیمانی پارٹیوں کے رہنمائوں کی مشاورت سے14رکنی قانون سازی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے سات سات لوگ شامل ہوں گے ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق کمیٹی اپنے ٹی او آرز کو وقتاً فوقتاً اسے بھیجے گئے معاملات کے حوالے سے خود طے کرے گی اور اپنی سفارشات اسپیکر قومی اسمبلی کو پیش کرے گی۔ کمیٹی میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر ، وفاقی وزیر ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان، خالد مقبول صدیقی، خالد مگسی حکومت اور اتحادیوں کی طرف سے نمائندگی کریں گے ۔ اپوزیشن کی طرف سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سردار ایاز صادق، رانا ثناءاللہ، شاہدہ اختر علی، سید نوید قمر، شازیہ مری اور آغا حسن بلوچ کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔