مسجد کے پلاٹ پر قبضہ کرنیوالے لینڈ مافیا کا ڈ ی سی آفس پر دھاوا

June 25, 2021

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار ) مسجد کے لئے مختص پلاٹ پر قبضہ کرنیوالے مبینہ لینڈ مافیا نے تحقیقات کرانے پر وفاقی دارالحکومت کے ڈپٹی کمشنر آفس پر دھاوا بول دیا ۔ ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کو دھمکا کر اپنی مرضی کی انکوائری رپورٹ حاصل کرنے کی کوشش کی مگر پولیس کی آمد سے قبل ہی دھمکیاں دیتے تتربتر ہو گئے ۔معاملہ چیف کمشنر اور وزیرداخلہ تک پہنچ گیا ہے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے سی بی آر فیز ون کے رہائشیوں کی درخواست پر اسے سی رورل ذخرف فدا ملک کو انکوائری کی ہدایت کی تھی، سوسائٹی کے مکینوں کا الزام تھا کہ سوسائٹی کے صدارتی امیدوار اشتیاق بٹ نے مسجد کے لئے مختص پلاٹ پر بلڈنگ بنا کر مدرسہ کو پونے چھ لاکھ روپے کرایے پر دے رکھا ہے اے سی رورل ذخرف نے انکوائری کے بعد اپنی رپورٹ میں لکھا کہ رہائشیوں کا الزام درست ہے۔ اشتیاق بٹ نے ڈپٹی کمشنر سے اپنے ساتھیوں سمیت ملاقات کی اور انہیں ڈرانا دھمکانا شروع کردیا اور اپنے خلاف فیصلہ آنے پر حواس باختہ ہوکر بدتمیزی شروع کردی ڈپٹی کمشنر نے فوری ایس ایس ہی آپریشنز کو آگاہ کیا جنہوں نے فوری پولیس کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔ اشتیاق بٹ کو جب معلوم ہوا کہ اب گرفتاری سے بچنا مشکل ہے تو انہوں نے دوڑ لگا دی، ڈی سی حمزہ شفقات نے لینڈ مافیا کیخلاف سخت ایکشن حکم دے دیا۔