اپوزیشن نے دلچسپی نہیں لی، بجٹ پاس ہو گیا: وزیرِ اطلاعات سندھ

June 25, 2021

وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں آج نئے سال کا بجٹ پاس ہوگیا، اپوزیشن نے بجٹ کے عمل میں کوئی دلچسپی نہیں لی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی نے بجٹ 22-2021ء متفقہ طور پر پاس کر لیا۔

انہوں نے بتایا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی نے اپوزیشن کے ساتھ اجلاس کیا، اسپیکر نے اپوزیشن کو 2 دن دیئے کہ بجٹ تقاریر کریں اور کٹ موشن جمع کرائیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اپوزیشن نے کوئی کٹ موشن جمع نہیں کروائیں، نہ اس نے بجٹ کے عمل میں کوئی دلچسپی لی۔

وزیرِاطلاعات سندھ نے یہ بھی کہا کہ نئے سال کا ٹیکس فری بجٹ اسمبلی سے منظور ہونے پر سندھ کے عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔