عاصم اظہر نے ملتان سلطانز کو ’بدترین ٹیم‘ کہنے والے کو کھری کھری سُنا دیں

June 25, 2021

پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے پاکستان سُپر لیگ کے سیزن 6 کی فاتح ٹیم ملتان سلطانز کو بدترین ٹیم کہنے والے ٹوئٹر صارف کو کھری کھری سنا دیں۔

ایک صارف نے عاصم اظہر کے ٹوئٹ کے جواب میں کہا کہ اس مرتبہ پی ایس ایل ایک بدترین ٹیم جیتی ہے، ملتان چیمپئن بننے کا حقدار نہیں تھا۔

عاصم اظہر نے صارف کو انتہائی تحمل مزاجی سے کھری کھری سنائیں جس کے بعد صارف نے وہ کمنٹ ہی ڈیلیٹ کردیا۔

گلوکار نے لکھا کہ ’تمیز سے بھائی، اگر کوئی اسے جیتنے کا حقیقی حقدار تھا تو وہ یہ شہر اور یہ ٹیم تھی۔‘

عاصم اظہر نے کہا کہ ’پہلے چار میچوں میں شکست کے بعد اس مقام تک پہنچنا آسان نہیں تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ میں کراچی کا سپورٹر ہوں لیکن اس چھوٹے شہر لیکن بڑے دل والوں کے شہر کی جیت پر بہت خوش ہوں۔

گلوکار نے کہا کہ یہی ٹیم پاکستان کی چیمپئن بھی ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 47 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ فتح کا تاج اپنے سر سجایا۔