امریکی گلوکار نے جلیبی بناکر سب کو حیران کردیا

June 25, 2021

امریکی گلوکار جیسن ڈی رولو نے جلیبی بناکر سوشل میڈیا صارفین کو حیران کردیا۔

حال ہی میں امریکی گلوکار جیسن ڈی رولو نے اپنے تصدیق شدہ ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُنہیں ایشیاء کے لوگوں کی پسند یعنی جلیبی بناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

امریکی گلوکار نے اپنی ٹک ٹاک ویڈیو میں جلیبی بنانے کی مکمل ترکیب مداحوں کے ساتھ شیئر کی اور اس کے ساتھ ہی اُنہوں نے بیک گراؤنڈ میوزک بھارتی گانا ’جلیبی بےبی‘ لگایا۔

جیسن ڈی رولو کی اس ویڈیو کو صارفین کی جانب سے اس قدر پسند کیا گیا کہ صرف دو دن میں اُن کی ویڈیو پر 10 لاکھ لائکس آئے جبکہ 70 لاکھ صارفین نے امریکی گلوکار کی یہ ویڈیو دیکھی۔

دیکھتے ہی دیکھتے امریکی گلوکار کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہوگئی جس کے بعد صارفین نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے دلچسپ تبصرے کیے۔

ڈاکٹر نزہت نامی صارف نے لکھا کہ ’آپ نے میری صبح بہترین بنا دی ہے، جلیبیاں یقینی طور پر دیسی لوگوں کی خاص پسند ہے۔‘

ایک صارف نے کہا کہ ’میں نے اپنی زندگی میں کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں جیسن ڈی رولو کو جلیبی بناتے ہوئے دیکھوں گی۔‘

خاتون صارف نے لکھا کہ ‘جیسن نے بہت اچھے طریقے سے جلیبی بنائی ہے، اب مجھے بھی یہ جلیبی کھانی ہے۔‘

امریکی گلوکار کی ٹک ٹاک ویڈیو پر دُنیا بھر میں موجود اُن کے مداحوں کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔