عمران خان ہمارا فخر ہیں، نوشین شاہ کا عمران خان کے بیان پر ردعمل

June 25, 2021

ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ نوشین شاہ نے عمران خان کے عورتوں کے مختصر لباس سے مردوں کے جذبات کے بھڑک اٹھنے سے متعلق بیان پر ردعمل میں اُن کی حمایت کی ہے۔

نوشین شاہ نے اپنی ایک انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ’پردہ کرنا ہمارے اسلام میں ہے اور اس میں ہی ہماری بہتری ہے۔‘


اداکارہ نے لکھا کہ ’اب پردہ کرو یا نہ کرو وہ آپ کی مرضی ہے ، میں یہ نہیں کہہ رہی کہ مردوں کو معافی ہے، نہیں حساب دونوں کو ہی دینا ہوگا۔‘

نوشین شاہ نے لکھا کہ ’مجھے لگتا ہے بہت سارے لوگوں کو قرآن پڑھنے کی ضرورت ہے مجھ سمیت، میں یہاں کسی کو عظیم یا بدتر ثابت نہیں کررہی کیونکہ یہ کام اللّٰہ کا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ کم از کم ہمیں اللّٰہ کا حکم ماننا چاہئے، نوشین شاہ نے لکھا کہ عمران خان ہمیں آپ پر فخر ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پیر کو امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں ملک میں فحاشی اور جنسی زیادتیوں کے واقعات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مرد کوئی روبوٹ نہیں، عورت کے مختصر لباس سے مرد کے جذبات بھڑک جاتے ہیں۔

عمران خان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آرہا ہے، سوشل میڈیا صارفین کی اس معاملے پر رائے منقسم ہے۔