تعمیرات میں لکڑی کا پری فیبریکیٹڈ مواد

July 04, 2021

حالیہ دور میں تعمیراتی صنعت میں پری فیبری کیشن ٹیکنالوجی کے فروغ میں اضافہ ہوا ہے۔ پری فیبری کیشن کا مطلب یہ ہے کہ عمارت کے بڑے حصے فیکٹری یا مینوفیکچرنگ یونٹ میں تیار کیے جاتے ہیں اور پھر ان بڑے تعمیراتی ڈھانچوں کو سائٹ پر لاکر اسمبل (جوڑنا) کردیا جاتا ہے۔ اسمبلنگ کے ذریعے تعمیراتی سائٹ پر اسٹرکچر کھڑا کیا جاتا ہے۔ پری فیبریکیشن کی یہ ٹیکنالوجی سب سے زیادہ لکڑی سے تعمیر ہونے والی عمارتوں کے تعمیراتی عمل میں مؤثر ثابت ہوتی ہے، جہاںلکڑی سے بنے پورے زینے بمعہ ریلنگ فکس کردیے جاتے ہیں۔

معماروں کے لیے عمارت تعمیر کرنے کے لیے تیار شدہ مصنوعات نیا تصور نہیں ہیں، لیکن حالیہ دور میں پری فیب ٹیکنالوجی نے اسے ایک نئی جلا بخشی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تیار شدہ لکڑی کے اجزاء، جو لکڑی کے دونوں فریموں اور بڑے پیمانے پر لکڑی کی تعمیرات میں استعمال ہوتے ہیں، نے بہت سارے ڈیزائن اور انجینئرنگ چیلنجز کو حل کرنے میں مدد کی ہے۔ تیارشدہ مصنوعی لکڑی کے عناصر مٹیریل اور وقت کے کارگر استعمال، کم ضیاع اور قیمت کو دسترس میں لانے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ کارکردگی اور کم توانائی خرچ ڈیزائن کے فوائد پیش کرتے ہیں۔ خاص طورپر لکڑی کی پری فیبریکیشن تو تعمیر کے معیار اور رفتار کو بڑھا دیتی ہے۔

تیار شدہ تعمیراتی مواد کی تیاری کا عمل گذشتہ صدی میں پہلی بار ریاست ہائے متحدہ امریکا میں اپنایا گیا تھا۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد سستی اور معیاری رہائش گاہوں کی ضرورت تھی، جس کی وجہ سے ’کِٹ آف پارٹس عمارتوں‘ (kit-of-parts buildings) میں اضافہ ہوا۔ آجکل جدید ڈیجیٹل ٹولز تیار شدہ مصنوعات کی تیار ی کوبھی آسان بنا رہے ہیں۔

تیار شدہ تعمیراتی مٹیریل کا استعمال ڈیویلپرز کو کم قیمت، پائیدار اور مؤثر پروجیکٹ مہیا کرتا ہے۔ تعمیر کو کم سے کم وقت میں تو انجام دیا جاتا ہی ہے، ساتھ دیکھ بھال بھی کم خرچ ہوتی ہے اور مٹیریل کا ضیاع نہیں ہوتا جبکہ لیبر اور لاگت کم آتی ہے۔ باسہولت ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں تعمیرات کے سارے عوامل بہ احسن پورے ہوجاتے ہیں۔

کم اجزاء کی تنصیب پر مشتمل منصوبہ بندی تعمیر کے عمل کو معیاری بناتی ہے اور سائٹ پراجزا ء کے جوڑ توڑ میں لگنے والے وقت کو کم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، کنٹرول شدہ ماحول میں اجزاء تیار کیے جارہے ہیں جو اعلیٰ معیار کے عین مطابق ہوتے ہیں۔ ورکشاپ میں لکڑی کے اجزاء کو فیبریکیٹ کرنے اور ڈیزائن کرنے کے بعد ان کو ٹرکوں پر لادا جاتا ہے اور فوری طور پر اسمبلی کے لیے سائٹ پر لے جایا جاتا ہے۔

کسٹم ڈیزائن

پری فیب ٹیکنالوجی کے تحت تعمیراتی مواد سے تیار تعمیراتی ڈھانچے فیکٹری میں تیار ہوکر سائٹ پر لائے جاتے ہیں، لہٰذا پہلے سے تیار شدہ پروجیکٹس کے مقابلے میں یہ آپ کو معیاری رہائشی اسٹرکچر یا متبادل فراہم کرتے ہیں۔ ہر کلائنٹ کے پاس ایک مخصوص ڈیزائن کومنتخب کرنے یا کسی بھی قسم کی خدمات حاصل کرنے کا اختیار ہوتا ہے۔ لکڑی ایک ورسٹائل مٹیریل ہے، جو لوگوں کو ڈیزائن کے انتخاب اور تیار مصنوعات کے کئی آپشنز فراہم کرتی ہے۔

نتائج

پری فیب تعمیراتی ٹیکنالوجی کاان لوگوں کو فائدہ ہوتا ہے، جن کے لیے وقت ہی سب کچھ ہے۔ بنے بنائے اسٹرکچرز تیزتر شیڈول کے ساتھ تعمیراتی لاگت میں بھی کمی لاتے ہیں۔ جب عمارت کی بنیاد ڈالی جارہی ہوتی ہے تو اس میں شامل ہونے والے لکڑی کے اسٹرکچرز یا اجزاء کمپنی ورکشاپ میں تیا رکیے جارہے ہوتے ہیں۔ چونکہ ان کی تیاری فیکٹری میں کی جارہی ہوتی ہے، اس لیے عام تعمیراتی منصوبوں کے مقابلے میں تکنیکی غلطیوں کی گنجائش اور تعداد کم ہوتی ہے۔ ساتھ ہی ایڈجسٹمنٹ کرنے اور کام کو دہرائے جانے کی بھی بچت ہوتی ہے۔ کام کی رفتار کے علاوہ مٹیریل اور وقت دونوں میں بچت کے سبب ضیاع کم ہوتا ہے، اس لیے پری فیب اسٹرکچر سے بجٹ میں کمی آسکتی ہے۔ اگرچہ عمارت کے سامنے والے حصے کی لاگت زیادہ معلوم ہوتی ہے (ڈیزائن اور دلکشی کے سبب) لیکن سائٹ پر تعمیر کے بعد لگائے جانے کی کُل لاگت کم سے کم ہوجاتی ہے ۔

زیادہ دیرپا

لاگت، وقت اور ضیاع کم ہونے کے سبب کچھ لوگ پری فیب کے استحکام پر سوالیہ نشان لگا سکتے ہیں؟ لیکن ایسا نہیں ہے، پری فیبریکیشن ٹیکنالوجی سے کھڑا کیا گیا لکڑی کا اسٹرکچر مضبوطی میں اپنی مثال آپ ہوتا ہے۔ اس کی مثال درختوں کی ہے جو سینکڑوں سال کھڑے رہتے ہیں اور افتاد زمانہ کو جھیلتے ہیں۔ مضبوطی کے علاوہ لکڑی سے بنے اسٹرکچر ماحول دوست بھی ہوتے ہیں اور قدرتی ماحول کا تاثر پیش کرتے ہیں۔

لکڑی کا دیگر مواد

مرکزی خوابگاہ میں الماری، فرش اورچھت کے لیے لکڑی استعمال کرکے اس میں جدید لائٹنگ کا انتظام کیا جاسکتا ہے۔ لکڑی کی کم قیمت، مضبوط اور دلکش ڈیزائن والی سیڑھیاں گھر کو نیا لُک دیتی ہیں۔ اونچی چھت ہو تو میزنائن روپ دینے کے لیے لکڑی سے بنا آفس نما کمرہ ایک عمدہ انتخاب ہو سکتاہے۔ اس کے علاوہ جدید دور میں لکڑی کے بہت سے نئے اور فینسی دروازے مارکیٹ میں متعارف کروائے جاچکے ہیں۔ جب کبھی اسٹیل اور لکڑی کو ملاکر استعمال کیا جاتا ہے تو نتیجے میں بہت خوبصورت صنعتی انداز ملتا ہے۔ کچن میں ہلکے رنگ کی لکڑی کو اگر سفید رنگ کے ساتھ استعمال کیا جائے تو آپ کا باورچی خانہ بہت ہی روشن اور ہوا دار معلوم ہوسکتا ہے۔