گھر کو محفوظ بنانے کیلئے مختلف سیکیورٹی سسٹمز

July 04, 2021

آج کے دور میں گھر ، دفتر یا کاروبار کی جگہ پر تحفظ کا احساس ہونا بہت اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ ہر آئے دن میڈیا پر ڈکیتی اور رہزنی کی چلنے والی خبروں نے ہمیں مجبور کردیا ہے کہ ہم اپنی جگہوں کو محفوظ بنانے کے لیے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اکیسویں صدی ٹیکنالوجی سے بھرپور ہے، جس طرح باقی شعبوں نے ترقی کی ہے، وہاں گھر کی حفاظت کے لیے بھی بہت سی نئی اشیا ایجاد ہوگئی ہیں۔

ان میں سب سے زیادہ بااثر اور کارآمد ٹیکنالوجی ’سی سی ٹی وی‘ کیمروں کی ہے۔ کسی بھی بلڈنگ بالخصوص گھر کی حفاظت میں ان کیمروں کا کردار بہت اہم ہے۔ عام تصور کے برعکس،سی سی ٹی وی کوئی مہنگی ٹیکنالوجی نہیں ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ جیسے جیسے ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے، دیگر ٹیکنالوجیکل آلات کی طرح سی سی ٹی وی کیمرے بھی عام عوام کی پہنچ میں آچکے ہیں۔ محض چند ہزار روپے میں آپ اپنے گھر کو مناسب سی سی ٹی وی کیمرہ ٹیکنالوجی سےآراستہ کرکے اپنے گھر کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔

سی سی ٹی وی کیمروں کے فائدے

1-چوروں اور ڈاکوؤں کو نفسیاتی طور پر یہ معلوم رہتا ہے کہ اس گھر کے مکین اپنی حفاظت کے لیے سنجیدہ ہیں، اس وجہ سے وہ ایسے گھروں سے دور رہنے میں ہی عافیت جانتے ہیں۔

2-کوئی بھی شخص اگر آپ کے گھر کی جاسوسی کرتا ہے، تو وہ اپنی شناخت ہونے کے ڈر سے کبھی بھی گھر کے قریب نہیں آئے گا اور اگر گھر کے آس پاس چکر لگاتا ہے تو بھی آپ بآسانی اس کو پہچان کر پولیس میں رپورٹ کر سکتے ہیں۔

3-اکثر لوگ اپنی گاڑی اس لیے گلی میں کھڑی کر دیتے ہیں کہ دوبارہ کام کے لیے نکلنا ہوتا ہے۔ بہت سے واقعات میں گاڑی چور محض چند منٹ میں گاڑی لے اُڑتے ہیں۔ اگر آپ کے گھر کی بیرونی سائیڈ پر کیمرہ لگا ہے تو سمجھیے گاڑی کی حفاظت کا80فیصد انتظام آپ نے کردیا ہے۔

4- اگر آپ گھر سے باہر ہیں اور دیکھنا چاہتے ہیں کہ گھر کے ملازم آپ کی غیر موجودگی میں کیا کرتے ہیں اور کب آتے جاتے ہیں تو سی سی ٹی وی کیمرے آپ کیلئے انتہائی مناسب مددگار ثابت ہوں گے۔ آجکل آپ بآسانی موبائل فون پر گھر کے تمام کیمرے براہِ راست دیکھ سکتے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ آپ ان کو مختلف زاویوں میں گھما بھی سکتے ہیں۔

5- بہت سے ایسے واقعات بھی سامنے آئے ہیں کہ گھر والوں کی غیر موجودگی میں ملازم اور آیا وغیرہ کا برتاؤ چھوٹے بچوں کے ساتھ مناسب نہیں ہوتا۔ بچوں کے کمرے اور کچن وغیرہ میں اگر کیمرہ لگا ہو تو آپ بآسانی اپنے آفس وغیرہ سے ملازمین پر نظر رکھ سکتے ہیں۔

6- بچے جب بڑے ہو رہے ہوتے ہیں تو معاشرے کی برائیوں کی وجہ سے ان کے غلط عادتوں میں پڑنے کا خطرہ ہوتا ہے۔ بچوں کے کمروں میں اگر کیمرہ لگا ہو اور انھیں پتا ہوکہ والدین انھیں 24گھنٹے دیکھ رہے ہیں تو وو کبھی غلط حرکت نہیں کریںگے۔

7-اگر خدا نخواستہ گھر میں کوئی چوری کا واقعہ ہوجاتا ہے تو اس میں ملوث افراد کو کیمروں کی مدد سے بآسانی شناخت کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان میں نادرا کے پاس اتنی ٹیکنالوجی ہے کہ کسی کے بھی فوٹو کو اس کے سسٹم سے شناخت کیا جاسکتا ہے۔

8-اگر آپ کے گھر کے اندر اور باہر مختلف جگہوں پر سیکیورٹی کیمرے لگے ہوں تو آپ ہمیشہ مطمئن رہیں گے اور رات کو سکون کی نیند سوئیں گے، کیوںکہ آپ کے ذہن میں یہی بات ہوگی کہ آپ کی بھرپور حفاظت ہو رہی ہے۔

9-رات کے وقت اگر کوئی شخص آپ کے میں گیٹ پر آتا ہے تو بجائے اس کے کہ بغیر دیکھے گیٹ کھول دیں، آپ پہلے کیمرے میں دیکھ کر تسلی کر سکتے ہیں کہ وہ آپ کی جان پہچان والا شخص ہی ہے۔

10-اگر آپ کے پڑوس یا گلی میں کوئی چوری وغیرہ کا واقعہ ہوجاتا ہے تو اس میں بھی آپ کے گھر پر لگے کیمرے بہت مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں، کیوں کہ ممکن ہے کہ مجرم آپ کے گھر کے سامنے سے گزر کر گئے ہوں گے، اس طرح پولیس کو کافی اشارے مل جاتے ہیں۔

سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ بھی مختلف اقسام کے سیکیورٹی سسٹمز مارکیٹ میں دستیاب ہیں، جن کا جائزہ ذیل میں پیش کیا جارہا ہے۔

مانیٹرڈ سیکیورٹی سسٹم

مانیٹرڈ سسٹم الارم مارکیٹ میں دستیاب ہے۔ عام طور پر یہ سسٹم کسی بھی کال سینٹر، سیکیورٹی ٹیم یا ایمرجنسی اداروںکو اطلاع دینے کے لیے ہوتا ہے، جو چور کے داخل ہونے، آگ لگنے یا دیگر ہنگامی حالات میں الرٹ کرنےکیلئےآن ہوجاتا ہے۔ یہ سسٹم دو اقسام میںدستیاب ہوتاہے، ایک کمپنی مانیٹرڈ سسٹم اور دوسرا سیلف یعنی ذاتی مانیٹر ڈ سسٹم۔

مانیٹر نہ کیا جانے والا سیکیورٹی سسٹم

اس قسم کا سیکیورٹی سسٹم دراصل آپ کی جائیداد کی رکھوالی کے لیے ہوتاہے اور جیسے ہی کوئی آپ کی پراپرٹی میںداخل ہونے کی کوشش کرتاہے، اتنا تیز الارم بجتاہے کہ آنے والے کے کان بہرے ہونے لگتے ہیں اور اسے فرار ہونے میںہی عافیت محسوس ہوتی ہے۔ اس سسٹم میںموشن سینسرز، کنٹرول پینل ، گلاس بریک سینسرز، سائرن ، ڈور اور ونڈو سینسرز اور اسموک ڈیٹیکٹر شامل ہوتے ہیں۔ کچھ سسٹم موبائل فون سے بھی منسلک ہو جاتے ہیں تاکہ آپ دور رہ کر بھی اپنی املاک کی نگرانی کرسکیں ۔

وائرلیس سیکیورٹی الارم سسٹم

یہ بھی وائر ڈ یعنی تاروںوالے سسٹم کی طرح ہی ہوتاہے، تاہم جیسا کہ نام سے ظاہر ہے،اس سیکیورٹی سسٹم میں ڈیٹیکٹرز، سینسرز ، کیمرے ، الارم اور مرکزی کنٹرول پینل شامل ہوتے ہیں۔

وائرڈ ہوم سیکیورٹی سسٹم

اس میں ایک الارم پینل تاروں پر مشتمل ہوم سیکیورٹی سسٹم کے اجزاء سے منسلک ہوتا ہے اور اس میں کم وولٹیج کی وائرنگ ہوتی ہے۔ گھر کے تمام داخلی راستوں کی تاریںموشن ڈیٹیکٹرز، کی پیڈز اور دیگر سیکیورٹی ڈیوائسز کے ساتھ مرکزی کنٹرول پینل کی طرف چلی جاتی ہیں۔ تاروںپر مشتمل یہ وائرڈ ہوم سیکیورٹی سسٹم، وائرلیس کے مقابلے میں زیادہ بھروسہ مند ہوتاہے، کیونکہ اس کا مرکزی پینل ہر ڈیوائس کے ریئل ٹائم اسٹیٹس کو ظاہر کرتا ہے ۔