بی جے پی رہنما نے بڑھتی آبادی کا ذمہ دار عامر خان کو قرار دیدیا

July 12, 2021

بھارتیہ جنتا پارٹی کے مدھیہ پردیش کے شہر مندسور سے رکن پارلیمنٹ سدھیر گپتا نے ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بالی ووڈ اداکار عامر خان پر الزام عائد کیا ہے کہ ایسے لوگ بھارت میں آبادی کے عدم توازن کے ذمہ دار ہیں۔

انڈین پرسپیکٹو میں گفتگو کرتے ہوئے سدھیر گپتا کا کہنا تھا کہ عامر خان کی پہلی بیوی رینا جن سے ان کے دو بچے ہیں جبکہ ان کی دوسری بیوی کرن رائو سے ایک بچہ ہے اور اب وہ ان دونوں کو بے فکری سے چھوڑ کر تیسری بیوی کی تلاش شروع کردی ہے۔ کیا بھارت کا دنیا کو اس حوالے سے یہی پیغام ہے؟

متعصب ہندو قوم پرست پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ یہ بڑی بدنصیبی کی بات ہے کہ بھارت میں آبادی میں عدم توازن کے پیچھے عامر خان جیسے لوگوں کا کردار ہے۔

یاد رہے کہ سدھیر گپتا کے یہ کمنٹس اتوار کو عالمی یوم آبادی کے تناظر میں بھارت کی آبادی پر گفتگو کےدوران سامنے آئے۔

گپتا کا کہنا تھا کہ گزشتہ 70 سالوں میں ہمارا رقبہ تو نہیں بڑھا لیکن آباد کئی گنا بڑھ گئی، جو کہ ملک کے لیے بہتر نہیں ہے۔