مویشی منڈی میں بارش سے تباہی، فوج نے انتظامات سنبھال لئے

July 13, 2021

کراچی (رپورٹ/رفیق بشیر )جنگ سروے کے مطابق پیر کو بارش کے بعد مویشی منڈی کے انتظامات دھرم بھرم ہوگئے اور بڑے پیمانے پر مویشیوں کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی،بارشوں سے ہنگامی صورتحال پرمویشی منڈی کے انتظامات فوج نے سنبھال لئے اور فوج کی معاونت سے منڈی سے پانی کے اخراج کا عمل جاری ہے۔ 9سو ایکٹر اراضی پر لگنے والی مویشی منڈی کی زمین کو ہموار نہیں کیا گیا جس کے باعث کئی جگہ مویشی ایک ایک فٹ پانی میں کھڑے ہوئے ہیں، بارش کے بعد پیدا اور ہونے والی صورتحال پرمویشی منڈی کی انتظامیہ نے بیوپاریوں کو لاوارث چھوڑ دیا اور بیوپاریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکال کر مویشیوں کے بیٹھنے کی جگہ کو درست کیا، تاہم ہفتہ اور اتوار کو منڈی میں اتنا رش تھا کہ تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی، رش کے باعث بیوپاریوں نے گاہکوں سے منہ مانگی قیمت وصول کیں، لیکن پیر کو بارش کے باعث مویشیوں کی قیمتیں گر گئیں، ترجمان مویشی منڈی یاور رضاچاؤلہ کاکہناہے کہ شہرکی بہ نسبت مویشی منڈی میں بارش کے بعد صورتحال بہت بہترہے تاہم رین ایمرجسنی کے تحت انتظامیہ کی جانب سے الرٹ ملتے ہی چندگھنٹوں میں سی بی ایم کے الرٹ دستوں نے فوری طورپرمختلف بلاکس سے بارش کے پانی کو نکاسی کا عمل شروع کردیا۔