نظم: لوڈ شیڈنگ

July 25, 2021

ارسلان اللہ خان

بس یہی زندگی کی ہیڈنگ ہے

لوڈشیڈنگ ہی لوڈشیڈنگ ہے

یوپی ایس اپنا ہورہا ہے خراب

روز افزوں یہ دے رہا ہے جواب

جنریٹر کا ہوا تیل بھی ختم

ہوگیا اس کا آج کھیل بھی ختم

اتنی بجلی گئی ہے میرے یار

اب تو سولر بھی ہوگیا بے کار

ختم اب بیٹری موبائل کی

اپنی حالت ایک سائل کی

بند ہے لیپ ٹاپ بھی اپنا

چارجنگ بن گئی ہے اِک سپنا

آن لائن کلاس لوں کیسے

وقت تعلیم کو مَیں دوں کیسے

گرم موسم ہے اور پسینہ ہے

کیا اسی طور ہم کو جینا ہے؟

ارسلاںؔ یہ سوال ہے اپنا

کون پُرسانِ حال ہے اپنا؟