سجاول، مختیار کار جاتی رفیق میمن کے ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری

July 18, 2021

سجاول (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو کی عدالت نے مختیار کار جاتی رفیق میمن کے ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کر دیئے، 28 جولائی کو رفیق میمن کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کردیا ہے ۔ مختیار کار جاتی رفیق احمد میمن پر نیب کی جانب سے 2015 میں عدالت میں دائر کئے گئے ریفرنس نمبر 42/2015کے سلسلے میں نیب عدالت میں مسلسل غیر حاضر رہنے پر نیب عدالت کی سینئر جج منور سلطانہ کی جانب سے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ناقابل ضمانت گرفتاری کے وارنٹ جاری کرکے اسے گرفتار کرکے عدالت میں حاضر کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب مختیار کار جاتی رفیق میمن کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر نیب کی جانب سے تین سال جیل کی سزا بھگت چکا ہے جبکہ اسے محکمہ اینٹی کرپشن میں بھی متعدد بار کرپشن، جعلسازی، ریونیوریکارڈ میں غیرقانونی اندراج اور ہیر پھیر کے الزامات میں مقدمات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ علاوہ ازیں رفیق میمن جو کہ 14گریڈ کا اسسٹنٹ مختیار کار ہے مگر غیرقانونی طور پرسیاسی اثر رسوخ استعمال کرکے گزشتہ بیس سال سے مختیار کار بی پی ایس 16 کے عہدے پر کام کر رہا ہے۔