گلی گلی قائم مویشی منڈیوں اور غیر قانونی پارکنگ کیخلاف کارروائی کا آغاز

July 18, 2021

لاڑکانہ( بیورو رپورٹ) عید قرباںکے قریب آتے ہی شہر بھر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر کرنے کے لئے اعلی حکام کی ہدایات پر گلی گلی میں قائم مویشی منڈیوں اور غیر قانونی طور پر مختلف شاہراہوں پر پارک کی گئی گاڑیوں کے خلاف مہم شروع کردی گئی۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی عمران قریشی نے شہر کا اچانک دورہ کرکے ٹریفک کی روانی کا جائزہ لیا۔ ایس ایس پی نے ٹریفک سارجنٹ ون اور ٹو عبدالوحید ابڑو، امداد شیخ اور انسپکٹر تگیل کی تین رکنی کمیٹی کو شہر بھر میں ٹریفک کے نظام کو مربوط اور بہتر بنانے کا ٹاسک دے دیا۔ ٹریفک افسران نے گلی گلی میں قائم غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کارروائی کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف شاہراہوں اور مصروف چوراہوں پر بااثر افراد کی 25 گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے انہیں لفٹر کے ذریعے تھانے منتقل کردیا۔ دوسری جانب مختلف مقامات پر عید کے سلسلے میں قائم تجاوزات کے خاتمے کے لئے بھی کارروائی شروع کردی۔ ٹریفک اہلکاروں کی کارروائیوں کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے ۔