بوڑھی ماں کو گھر سے نکال کربے یار و مددگار چھوڑنے والا بد بخت بیٹاگرفتار

July 19, 2021

پشاور(نمائندہ جنگ)تھانہ پہاڑی پورہ پولیس نے بوڑھی ماں کو گلی میں بے یار و مددگار چھوڑنے والے بد بخت بیٹے کو گرفتار کر لیا،گھرسے بیدخل ہونےکے بعد ضعیف والدہ نے بھوک وگرمی کیوجہ سے تڑپ تڑپ کر جان دے دی تھی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا بھی حکم دے رکھا ہے۔ پہاڑی پورہ پولیس کے مطابق گزشتہ روزپولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم شکیل احمدولد بشیراحمد سکنہ نزد جی پی ایس حسین چوک کو گرفتار کرلیا جس پر الزام ہے کہ اس نے اپنی عمررسیدہ ماں بعمر90یا95 سال کو گھریلو تنازعہ پر گھرسے نکال دیا جسکے بعد والدہ بھوک وگرمی کیوجہ سے دم توڑ گئی تھی۔ پولیس نے ملزم کیخلاف تحفظ والدین آرڈیننس 2021 کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے حوالا ت میں بند کردیا۔ مقدمہ میں نامزد ملزم شکیل احمد نے چند روز قبل اپنی والدہ کو گھر سے بےدخل کیا تھاجسکی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔