حکمران صوبے کے وعدے سے منحرف ہوچکے، سڑکوں پر آنا ہوگا، سرائیکی رہنما

July 20, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) حکمران صوبے کے وعدے سے منحرف ہوچکے ہیں۔ سرائیکی جماعتیں متحد ہوکر سڑکوں پر آئیں۔ ان خیالات کا اظہار سرائیکستان قومی کونسل کی طرف سے منعقد کئے گئے سرائیکی صوبہ سیمینار سے ملک اللہ نواز وینس، ظہور دھریجہ، محمد علی واسطی، مسیح اللہ خان جام پوری، جاوید چنڑ ایڈووکیٹ، شریف خان لشاری و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سرائیکی شاعر اجمل خاموش، عبداللطیف بھٹی، ڈاکٹر احسان خان چنگوانی، شعیب نواز بلوچ، سید مالک اشتر، عاشق فرید اور دیگر موجود تھے۔ مقررین نے کہا کہ سرائیکی صوبہ وسیب کے کروڑوں افراد کیساتھ ساتھ دیگر چھوٹے صوبوں کی بھی ضرورت ہے۔ مقررین نے کہا کہ ڈی جی خان بس حادثے پر پوری قوم سوگوار ہے، حادثہ میں حکومت کی بے توجہی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ نہ ہونے کی وجہ سے وسیب کے لوگوں سے دوسرے درجے کا سلوک ہو رہا ہے۔ انڈس ہائی وے قاتل روڈ بن چکی ہے ۔ وسیب کے بھرپور احتجاج کے باوجود اسے موٹروے نہیں بنایا جاسکا۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر صوبہ ہوتا تو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حادثے میں فوت اور زخمیوں کے لواحقین کو امداد دی جائے، مقررین کا کہنا تھا کہ صوبے کیلئے سڑکوں پر آنا ہو گا، ہمیں لانگ مارچ کی تیاری کرنی چاہئے۔