عید کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل

July 20, 2021

پشاور(کرائم رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے عیدالاضحی کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے جسکے تحت پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ پلان کے مطابق عید الااضحی کے دوران ساڑھے چار ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، شہر میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کی خاطر شہر میں رائیڈرز سکواڈ اور پولیس موبائل گشت میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی بھی مزید سخت کر دی گئی ہے، شہر کے تمام اہم بازاروں اور شاہراہوں پر اضافی پولیس نفری تعینات کرنے کے علاوہ مویشی منڈیوں اور شہر میں مشتبہ اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کی خاطر سادہ کپڑوں میں بھی پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ سی سی پی او عباس احسن کیجانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق شہر کے گنجان آباد بازاروں میں سنیفر ڈاگز، لیڈیز پولیس اہلکار اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے علاوہ سٹی پٹرولنگ فورس اور پولیس بکتر بند گاڑیاں بھی گشت کریں گی۔ مویشی منڈیوں میں بھی امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ سی سی پی او نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے اور سکیورٹی کو جامع بنانے کی خاطر تمام ڈویژنل ایس پیز کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے سرائے اور ہوٹلوں میں قیام پذیر افراد پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے جبکہ اس ضمن میں عید سے قبل شہر کے اطراف میں انفارمیشن بیسڈ خصوصی ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات سمیت عید گاہوں اور شہر کے تمام حساس مساجد کو بھی فول پروف سکیورٹی فراہم کرتے ہوئے سادہ کپڑوں میں بھی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ سکیورٹی پلان کے تحت عید الاضحی کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کی خاطر مختلف بازاروں اور مویشی منڈیوں کے اطراف میں اضافی ٹریفک پولیس اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں