بس حادثہ کے شہداء کے ورثاء کو سرکاری ملازمتیں دی جائیں ،سرائیکستان قومی کونسل

July 21, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) سرائیکستان قومی کونسل کے تعزیتی اجلاس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان خان بزدار تونسہ موڑ بس حادثہ کی امداد دگنا کرنے کے ساتھ شہداء کے ورثاء کو سرکاری ملازمتیں دی جائیں ،تعزیتی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے سرائیکی رہنما ظہور دھریجہ نے کہا کہ تونسہ موڑ حادثہ سے پورا وسیب سوگوار ہے اور اس حادثے میں ٹریفک پولیس پر بھی بہت سے سوال اُٹھا دیئے ہیں کہ جس بس میں 48 مسافروں کی گنجائش تھی اس پر 79 مسافر کیوں سوار کئے گئے؟ ظہور دھریجہ نے کہا کہ انڈس ہائی وے قاتل روڈ بن چکی ہے ،مطالبات کے باوجود اسے موٹر وے کیوں نہیں بنایا جاتا؟ ان کا کہنا تھا کہ اگر آج سرائیکی صوبہ ہوتا تو اس طرح کی صورتحال کبھی پیدا نہیں ہوتی۔ اس موقع پر افضال احمد، رافیہ ملک، ماہیر علشبہ اور ثوبیہ ملک موجود تھیں۔