شہباز شریف نے کشمیر میں ریفرنڈم کرانے کا عمران خان کا بیان مسترد کردیا

July 24, 2021

پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کشمیر میں ریفرنڈم کرانے کا وزیراعظم عمران خان کا بیان مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کر کے پاکستان کے تاریخی اور آئینی موقف سے انحراف کر رہے ہیں، تنازع جموں وکشمیر پر پاکستان کے تاریخی موقف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ہٹ کر کوئی بھی مؤقف پوری قوم مسترد کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے بیان سے وہ خدشات ثابت ہوگئے ہیں جو 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات سے قوم کے سامنے پہلے ہی آچکے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ تنازعہ جموں وکشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں شفاف، آزادانہ استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق سے ہوگا، پاکستان اور کشمیر کے عوام کا یہی مؤقف ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی مرضی اور مشاورت کے بغیر کوئی حل ان پر ٹھونسنا بھارت کی مدد کرنا اور کشمیر کاز سے غداری کے مترادف ہے۔