15 ماہ سے بند سینما انڈسٹری کو اب تک 6 سو کروڑ روپے سے زائد کا نقصان

July 25, 2021

کراچی(مطلوب حسین /اسٹاف رپورٹر)15 ماہ سے بند سینما انڈسٹری کو اب تک6سو کروڑ روپے سے زائدکا نقصان ہوچکا ہے ،کورونا کی وباسے فلمی صنعت کو جو نقصان پہنچا ہے وہ کسی اورکاروبار کو نہیں ہوا،یہ بات مانڈوی والافلم ڈسٹری بیوٹرزو ایگزیبیٹرز کے روح رواں ندیم مانڈوی والا نے نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا ہے کہ کچھ مالکان کی جانب سے سینما ہالز ہی بند کرنے کی اطلاعات مل رہی ہیں،جو فلم بینوں کے لئے نیک شگون ثابت نہیں ہوگا۔ندیم ماڈوی والا نے کہا کہ ہمیں حکومت کی مشکلات کا بھی اندازہ ہے، سینما مالکان اپنی مشکلات حکومت کے سامنے رکھ چکے ہیں حکومت کو سینما انڈسٹری کو پیکج دینا ہوگاجس کے بغیر یہ صنعت دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑی نہیں ہوسکتی ہے۔