اسد عمر بہترین اداکار اور شیخ رشید بہترین کامیڈین ہیں، انور مقصود

July 25, 2021

کراچی (جنگ نیوز)ملک کے معروف مصنف، مزاح نگار، ادیب، شاعر اور دانشور انور مقصود نے اسد عمر کو بہترین اداکار اور شیخ رشید کو بہترین کامیڈین قرار دیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل پروگرام میں میزبان نے انور مقصود سے پوچھا آپ کے خیال میں پاکستان کا بہترین ڈراما نگار کون ہے؟ انور مقصود نے جواب دیا جس نے خواب دیکھا تھا علامہ اقبال۔

بلال مقصود نے جواب دیا میں ڈراما نگار کے بارے میں نہیں بلکہ بہترین ہدایت کار کے بارے میں بتانا چاہوں گا اور میرے نزدیک ساحرہ کاظمی بہترین ہدایت کارہ ہیں۔

میزبان نے دونوں سے سوال پوچھا آپ کے نزدیک بہترین کامیڈین کون ہے بلال مقصود نے کہا مجھے عمر شریف بہت پسند ہیں۔ جب کہ انور مقصود نے اس بات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک بہترین کامیڈین شیخ رشید ہیں جبکہ وفاقی وزیر اسد عمر کو انہوں نے بہترین اداکار قرار دیا۔ان کے بیٹے بلال مقصود نے کہا کہ انہیں اداکار نعمان اعجاز بہت پسند ہیں۔

میزبان نے انور مقصودسے پوچھا کہ آپ کے نزدیک بہترین شاعر کون ہیں تو انہوں نے کہا فیض صاحب۔

میزبان نے بلال مقصود سے سوال کیا آپ کے خیال میں عصر حاضر کا اچھا گلوکار کون ہے تو انہوں نے عاصم اظہر کا نام لیا۔ جب یہی سوال انور مقصود صاحب سے کیا گیا تو انہوں نے گلوکارہ نصیبو لال کا نام لیا اور کہا جنہوں نے پی ایس ایل کا گانا گایا ہے۔

میربان نے بلال مقصود سے پوچھا کیا آپ ڈرامے دیکھتے ہیں جس پر انہوں نے منع کیا اور اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میرے پاس وقت نہیں ہے اور نہ ہی شوق ہے۔ بلال کی بات پر انور مقصود صاحب نے برجستہ کہا یہ عامر لیاقت کا شو دیکھتا ہے۔

جس پر میزبان ہنس پڑے اور پوچھا کون سا والا شو دیکھتے ہیں رمضان والا یا گیم شو؟بلال مقصود نے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا جس میں انہوں نے ناگن ڈانس کیا تھا وہ والا شو دیکھا تھا۔

میزبان نے پوچھا تو پھر آپ کو عامر لیاقت کی پرفارمنس پسند آئی؟

بلال مقصود نے جواب دیا بعض چیزیں ایسی ہوتی ہیں کہ آپ نہ چاہتے ہوئے بھی دیکھتے ہیں اور دل ہی دل میں سوچتے ہیں میں یہ کیوں دیکھ رہاہوں۔