اداکارہ زرنش خان کورونا وائرس میں مبتلا، اسپتال منتقل

July 25, 2021

کراچی (آئی این پی )معروف اداکارہ زرنش خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد وہ اسپتال میں داخل ہیں۔زرنش خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو خبر دی کہ وہ بھی کورونا کا شکار ہوچکی ہیں لہذا سب محفوظ رہیں اور خیال رکھیں۔اداکارہ نے اسٹوری پر ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے کہا کہ میں اس وقت اسپتال میں موجود ہوں اور مجھے شک ہے کہ میں کووڈ کا شکار ہوگئی ہوں۔زرنش نے تمام افراد کو ہدایت کی کہ برائے مہربانی سماجی رابطہ قائم رکھیں اور کورونا وائرس کو مذاق ہرگز نہ سمجھیں، یہ برا ہے۔اداکارہ نے اسٹوری پر کیپشن کے ذریعے بتایا کہ یہ ویڈیو ایک روز قبل اسپتال سے بنائی گئی تھی اور اب میرا ٹیسٹ مثبت آچکا ہے، برائے مہربانی میری جلد صحتیابی کی دعا کریں۔خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کووِڈ کے 37 ہزار 636 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1841 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 32 افراد انتقال کرگئے۔