پاک ویسٹ انڈیز سیریز کے شیڈول میں رد وبدل کا امکان نہ ہونے کے برابر

July 25, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی سیریز کے شیڈول میں رد وبدل کا امکان نہ ہونے کے برابرہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے اب تک شیڈول میں تبدیلی کے حوالے سے باضابطہ درخواست نہیں کی گئی ہے۔ویسٹ انڈیز میں پانچ ٹی ٹوئینٹی اور دو ٹیسٹ میچز کے شیڈول میں اب تک کوئی تبدیلی نہیں ہے۔ ٹریننگ اور سیریز کی تیاریاں اب تک پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہورہی ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم نے ہفتے کو برج ٹاؤن میں اپنے دوسرے ٹریننگ سیشن میں شرکت کی۔ٹریننگ سیشن چار گھنٹوں پر مشتمل تھا۔اس دوران تمام کھلاڑی فیلڈنگ اور نیٹ سیشن میں حصہ لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈسیریز کے شیڈول کے حوالے سے پی سی بی سے بات کرنا چاہتا ہے۔ویسٹ انڈین بورڈ کا کہنا ہے کہ شیڈول میں اگر ضروری تبدیلی درکار ہوئی تو اس حوالے سے بات ہو گی ۔پاکستان ویسٹ انڈیز پہلا ٹی ٹوئنٹی27 جولائی کو شیڈول ہے ۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز اور آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑی اور آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ منفی آگئے ہیں۔ ویسٹ انڈین بورڈکے مطابق تما م152 لوگوں کے کوروناٹیسٹ کیے گئے تھے۔