اولمپکس، گولڈ میڈلز کی ریس میں چین سرفہرست، میڈلز ٹیبل پر 28 ممالک کا کھاتا کھل گیا

July 25, 2021

کراچی،ٹوکیو( اسٹاف رپورٹر،جنگ نیوز) ٹوکیو اولمپکس گیمز میں تمغوں کی دوڑ میں چین سر فہرست ہے جس نے تین گولڈ اوربرانز میڈل جیت لیا ہے، پاکستان کے ویٹ لفٹر طلحہ طالب اتوار کو اپنی قسمت آزمائیں گے وہ67کے جی میں ایکشن میں ہوں گے،پاکستان 1975کے بعد اولمپکس کے ویٹ لفٹنگ ایونٹ میں حصہ لے رہا ہے،اولمپکس میں پہلی مرتبہ3x3باسکٹ بال مقابلے کا آغاز ہوگیا،میڈلز ٹیبل پر28ممالک اپنا کھاتا کھولنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ایران کے جواد فور خی نےمردوں کے دس میٹرز ائیر پسٹل میں اپنے ملک کے لئے پہلا گولڈ میڈل جیتا،بھارت کے لئے خواتین تائی کوانڈو کے49کے جی میں سائیکھوم میرمبائی چانو نے سلور میڈل جیتا،ہفتے کو ہونے والے مختلف مقابلوں میں نو ملکوں کی جھولی میں گولڈ میڈل آچکے ہیں، چین نے تلوار بازی، خواتین کے 10میٹرز ائیر پسٹل اور خواتین کی49کے جی ویٹ لفٹنگ میں گولڈ میڈلز جیتے ،جبکہ مردوں کے دس میٹرز ائیر پسٹل میں برانز میڈل اپنے نام کیا،میزبان جاپان کے لئے پہلا گولڈ میڈل جوڈو کے60کے جی میںنوہیشا ناکوٹو نے جیتا،جبکہ48کےجی جوڈو خواتین میں فونا توناکا نے سلور میڈل حاصل کیا، تمغوں کی دوڑ میں اٹلی میزبان جاپان کے ساتھ دوسرے نمبرپر ہے جس نے تائی کوانڈو کے58کے جی میں گولڈ اور تلوار بازی میں سلور میڈل جیتا،کوریا نے تیر اندازی کے مکسڈ ٹیم ایونٹ میں گولڈ جبکہ تائی کوانڈو اور تلوار بازی میں برانز میڈلز جیتے،ایکواڈور نے مردوں کے روڈ ریس سائیکلنگ میں گولڈ میڈل جیتا،ہنگری نے تلوار بازی کے انفرادی ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتا،کوسوا کے لئے پہلا گولڈ میڈل خواتین جوڈو کے48کے جی میں ڈسٹاریا نے حاصل کیا،تھائی لینڈ کے لئے پہلا گولڈ میڈل تائی کوانڈو کے49کے جی میں خاتون کھلاڑی وانگپٹانکیٹ پانیپاک نے جیتا۔ خواتین فٹبال میں امریکا نے چین کو شکست دی،برازیل اورہالینڈ کا میچ تین تین گول سے برابر رہا۔