پیگاسس کے ذریعے چارلس مشل کی بھی جاسوسی کی گئی

July 25, 2021

برسلز( نمائندہ جنگ ) یورپین کونسل کے موجودہ صدر چارلس مشل کو بھی اسرائیل کے جاسوسی کیلئے بنائے گئے سافٹ ویئر پیگاسس کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔ یہ بات یورپین ذرائع ابلاغ کی رپورٹ میں بتائی گئی۔ خبر کے مطابق یورپین کونسل کے موجودہ صدر چارلس مشل کی اس سافٹ ویئر کے ذریعے اس وقت جاسوسی کی گئی جب وہ بلجیم کے وزیراعظم تھے۔ اس کے ساتھ ان کے والد بلجیم کے سابق وزیر خارجہ لوئس مشل کا بھی فون ہیک کیا گیا ، وہ اس وقت یورپین پارلیمنٹ میں بلجیم کی مقامی جماعت ایم آر کی جانب سے یورپین پارلیمنٹ کے ممبر تھے۔ ذرائع ابلاغ نے اس کیلئے مبینہ طور پر مراکش پر الزام عائد کیا ہے جس کی مراکش حکومت نے سختی سے تردید کی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ ایک مراکشی صحافی عمر رادی کے فون میں ملنے والا یہی سپائی ویئر ہے جس کے ذریعے اس کی جاسوسی کی گئی اور اس کی ذاتی معلومات کے حصول کے بعد اسے جنسی جرم اور جاسوسی کے الزام میں 6 سال کی گذشتہ روز سزا دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ بلجیم کے سابق وزیراعظم اور یورپین کونسل کے موجودہ صدر چارلس مشل کے والد لوئس مشل یورپ میں اسرائیل کے بڑے ناقدین میں شمار کیے جاتے تھے۔