بولٹن کی 11سالہ طالبہ کی گمشدگی پر والدین کی پریشانی

July 25, 2021

لندن (پی اے)ایک گیارہ سالہ گمشدہ لڑکی کے والدین نے کہا ہے کہ وہ ’’انتہائی صدمہ کی حالت‘‘ میں ہیں جبکہ پولیس اس کی تلاش کے لئے کارروائی کر رہی ہے۔ فاطمہ قادر بولٹن، گریٹر مانچسٹر میں جمعرات کے روز اپنے گھر سے نکلی اور اس نے رات کو ہی لندن کا سفر کیا۔ اس کے والدین اشیم اور مشرا نے اس سے کہا ہے کہ وہ انہیں بتائے کہ وہ خیریت سے ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہم تمہاری کمی محسوس کر رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ تم گھر واپس آجائو، ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ تم محفوظ تو ہو۔ تم کسی مشکل صورتحال میں تو نہیں تم براہ کرم ہم سے یا پولیس سے رابطہ کرو۔ رپورٹ کے مطابق فاطمہ والدین کو اطلاع دیئے بغیر اپنے گھر سے نکلی اور بولٹن ریلوے سٹیشن پر برطانوی وقت کے مطابق سفر کرکے 20:20 بجے پہنچی اس نے ایک نامعلوم مرد اور خاتون سے رابطہ کیا جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ فاطمہ کے بارے میں پریشان تھے۔ پولیس کے مطابق انہوں نے اسی ٹرین میں مانچسٹر، پکاڈلی تک سفر کیا۔ اسے مانچسٹر پکاڈلی سے 21:27 بجے برمنگھم نیو سٹریٹ کی ٹرین پر سوار ہوتے دیکھا گیا جو کہ بعدازاں 23:10 بجے ایک اور ٹرین میں سوار ہوئی جو کہ 01:17 بجے ایوشولٹ سٹریٹ پر دیکھی گئی۔ پولیس کا خیال ہےکہ وہ 11:16 بجے لندن برج ٹیوب سٹیشن پر تھی اور ممکنہ طور پر ٹاور برج کے اطراف موجود ہے۔ پولیس فاطمہ کے ہمراہ بولٹن سے مانچسٹر پکاڈلی کا سفر کرنے والے مرد اور خاتون کو بھی تلاش کر رہی ہے۔