آزادکشمیر میں انتخابات، برٹش کشمیری کمیونٹی پرجوش

July 25, 2021

بری (نمائندہ جنگ)آزاد کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے آج ہونے والے عام انتخابات کیلئے شمالی مغربی انگلستان میں بسنے والی برٹش کشمیری کمیونٹی انتہائی پرجوش ہے۔ بری، اولڈہم، راچڈیل، بولٹن، مانچسٹر میں میرپور ڈویژن کے پارلیمانی حلقوں سے تعلق رکھنے والے کشمیریوں کی اکثریت آباد ہے۔ میرپور ڈویژن کے انتخابی حلقوں میں اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف، مسلم کانفرنس اور پی پی پی کے امیدواروں میں ہے۔ ان حلقوں میں کوٹلی سٹی کا حلقہ جہاں پر مسلم لیگ (ن) کے راجہ زبیر اقبال کیانی، پی ٹی آئی کے ملک محمد یوسف اور مسلم کانفرنس کے فاروق سکندر میں کانٹے دار مقابلہ ہورہا ہے۔ زبیر اقبال کیانی ن لیگ برطانیہ کے صدر بھی ہیں اس حلقے میں متعدد آزاد امیدوار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ پی پی پی کے چوہدری یٰسین بھی چڑھوئی کے علاقے کوٹلی سٹی سے قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ سنسہہ کے انتخابی حلقے سے ن لیگ کے راجہ نصیر احمد خان، مسلم کانفرنس کے راجہ افتخار احمد خان، تحریک انصاف کے چوہدری اخلاق اور پی پی پی کے سردار شبیر پہلوان میں ٹاکرا ہونے جا رہا ہے۔ انتخابی نتائج دیکھنے کیلئے سیاسی جماعتوں کے حامیوں نے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ آزاد کشمیر کا کل رقبہ 13 ہزار 297 مربع کلو میٹر ہے آزاد جموں و کشمیر کی کل آبادی 43 لاکھ 61 ہزار ہے، شرح خواندگی 74 فیصد ہے قانون ساز اسمبلی میں نشستوں کی تعداد 53 ہے انتخابی حلقوں کی تعداد 45 جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد 5 ہے۔ علماء و مشائخ، ٹیکنوکریٹ اور اوورسیز کی ایک ایک نشست ہے۔ ووٹرز کی کل تعداد آزاد کشمیر کے انتخابی حلقوں میں 32 لاکھ 20 ہزار 540 ہے۔ اوورسیز کشمیری کمیونتی سمندر پار کشمیریوں کو ووٹنگ کا حق نہ ملنے پر بھی نالاں ہے اور اس توقع کا اظہار کرتی ہے کہ آئندہ بننے والی حکومت تارکین وطن کشمیریوں کے دیرینہ مسائل حل کریں گے اور اوورسیز کشمیری کمیونٹی کو ووٹنگ کا حق دیں گے۔