80 ایف آئی اے سب انسپکٹرز کی کارکردگی کی تفصیلات طلب

July 25, 2021

کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز نے 80 سب انسپکٹرز کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ فہرست میں ملک بھر کے مختلف زون میں تعینات 53 خواتین سب انسپکٹرز کے نام بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے لئے تمام ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز، زونل ڈائریکٹرز اور دیگر کے نام مراسلہ ارسال کردیئے گئے ہیں۔ فہرست میں شامل سب انسپکٹرز کی خراب یا اچھی کارکردگی کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ افسران کو ماضی میں ہونے والی سزائیں، زیرالتوا محکمانہ کارروائیوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ فہرست میں ایف آئی اے سندھ زون کی 16 خواتین سمیت 23 سب انسپکٹرز کے نام درج ہیں۔ پنجاب زون کی 21 خواتین سمیت 31 سب انسپکٹرز، بلوچستان کی7، کے پی کی 3، اسلام آباد زون کی 4، انٹرپول کی 2 اور ہیڈکوارٹرز کی 3 خواتین بھی شامل ہیں۔ ہیڈکوارٹرز کی جانب سے متعلقہ شعبے سے ان افسران کی 5 سال پر مبنی اے سی آر بھی طلب کی گئی ہیں۔