چینی کی قیمت میں پھر اضافہ 110 روپے کلو میں فروخت

July 25, 2021

لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور میں چینی کی قیمت میں پھر اضافہ، 110روپے کلو میں فروخت ہونے لگی،چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حکومتی دعوے دھرے رہ گئے ۔اکبری منڈی میں چینی کی تھوک قیمتوں میں دو ہفتوں کے دوران 8 روپے کلو اضافہ ہوا جبکہ بازاروں میں پرچون کی دکانوں پر چینی 110 روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔صدر شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن لاہور اصغر بٹ کا کہنا ہے کہ شوگر ملز مالکان کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ، دکاندار 100روپے تھوک میں خرید کر 110 روپے کلو چینی فروخت کررہے ہیں۔ تھوک مارکیٹ میں چینی 94 روپے 50 پیسے سے بڑھ کر 98 روپے 75 پیسے کلو میں فروخت ہورہی ہے۔عید کے بعد مارکیٹ کھلنے پر چینی 98 روپے سے بڑھ کر 101 روپے تک پہنچ گئی۔ چینی کی 50 کلو کی بوری 5 ہزار 30 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔ چینی کی قیمتوں کو کم کرنے کیلئےحکومت کو زبانی دعوے کرنے کے بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ادھر شوگر ملز ایسوسی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا بلکہ چینی کی بوری میں 100روپے کلو کمی واقع ہوئی ہے۔