ٹریفک حادثات، موٹرسائیکل سوار سمیت 2 افراد جاں بحق، 14 ماہ کا بچہ قتل

July 25, 2021

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)جڑواں شہروں میں مختلف واقعات میں ایک شیرخواربچے سمیت پانچ افرادجان کی بازی ہارگئے ۔تھانہ صدربیرونی کے علاقہ راہ سکون سوسائٹی میں پانچ بچوں کی ماں نے بیماری سے تنگ آکرخودکشی کرلی ،اے ایس آئی رفاقت نے بتایاکہ 36سالہ (ع)کے گھروالوں نے پولیس کوبتایاکہ وہ آدھے سرکے درد میں مبتلاتھی جس کی وجہ سے پریشان رہتی تھی گزشتہ روزاس نے گھرمیں رکھے اپنے شوہرکے نائن ایم ایم پسٹل سے خودکوگولی مارکراپنی زندگی کاخاتمہ کرلیا۔تھانہ چونترہ کے علاقہ مہوٹہ موہڑہ کے قریب تیزدھار آلے سے وارکرکے خاتون کو زخمی اور اس کے 14 ماہ کے بچے کو قتل کر دیاگیا، واقعہ کی اطلاع پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ایس پی صدر، اے ایس پی صدر،ایس ایچ او چونترہ اور ایس ایچ او ویمن موقع پر پہنچے،ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم واجد نے تیز دھار آلے سے خاتون اور اس کے 14 ماہ کے بچے کو زخمی کیا،14 ماہ کا بچہ یوسف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جب کہ ماں کی حالت تشویش ناک بیان کی جاتی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم واجد نے متاثرہ خاتون کو مہوٹہ موہڑہ کے قریب بلایا تھا ۔تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ کارچوک میں 13جولائی کوزخمی ہونے والا21سالہ محمد ارشد ولد خان محمد ہسپتال میں دم توڑگیا،ائرپورٹ پولیس کواحمد بخش نے بتایاتھاکہ اس کے کزن کو نامعلوم افراد نے نامعلوم وجوہا ت پر زخمی کردیا تھا ،اے ایس آئی احمدشیرنے بتایاکہ ارشدکاگلریزمیں حمام تھا ،13جولائی کووہ ایک گھرکی بالائی منزل کی شیڈسے سڑک پرگراجس سے اس کے سرمیں چوٹ لگی جوگزشتہ روزہسپتال میں دم توڑگیا۔ دریں اثناءوفاقی دارالحکومت میں ٹریفک حادثات میں دوافراد جاں بحق ہوگئے۔ تھانہ ترنول پولیس کو حماد نے بتایاکہ سیکٹربی 17میں اس کابھائی طلحہ رشید موٹرسائیکل پرجارہاتھاکہ نامعلوم تیزرفتار گاڑی نے اسے ٹکر مار ی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔تھانہ سہالہ پولیس کو محمد علی ارشد نے بتایاکہ اسکے والد جی ٹی روڈ پر پیدل جارہے تھے کہ نامعلوم گاڑی نے انہیں ٹکر ماری جس سے وہ شدیدزخمی ہوگئے جو بعدازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئے۔