آزاد کشمیر انتخابات: کراچی میں 2 نشستوں کیلئے پولنگ جاری

July 25, 2021

کراچی میں آزاد جموں کشمیر کے انتخابات کے سلسلے میں 2 نشستوں کے لیے پولنگ ہو رہی ہے، کشمیر وادی ون ایل اے 40 کے لیے شاہ فیصل کالونی میں واقع پولنگ اسٹیشن میں ووٹنگ جاری ہے تاہم حلقہ ایل اے 34 جموں ون کے لیے ملالہ یوسفزئی اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن میں تاحال کوئی ووٹر نہیں پہنچا۔

کراچی کے ضلع جنوبی کے واحد پولنگ اسٹیشن ملالہ یوسف زئی اسکول میں کل 55 ووٹ درج ہیں، جہاں 24 مرد اور 31 خواتین ووٹرز میں سے کوئی بھی ووٹ ڈالنے نہیں پہنچا ہے۔

ایل اے 34 جموں ون کے حلقے میں 14 امیدوار میدان میں ہیں، ایل اے 34 جموں ون سندھ کے 29 پولنگ اسٹیشن میں ووٹرز کی تعداد 1 ہزار 390 ہے۔

ایل اے 34 جموں ون کے حلقے کے لئے کراچی کے 11 پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں واقع گورنمنٹ اسکول میں 2 پولنگ اسٹیشن قائم کیئے گئے ہیں جہاں آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 34 اور ایل اے 40 کے لیے پولنگ ہو رہی ہے۔

اسی طرح کیماڑی کے علاقے میں واقع گورنمنٹ ماڈل اسکول جیکسن بازار میں بھی پولنگ ہو رہی ہے۔

پولنگ اسٹیشن میں عملہ ووٹرز کے اندراج اور ان کی رہنمائی کے لیے موجود ہے، اس پولنگ اسٹیشن میں 150 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔

کراچی میں تمام پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی سخت ہے، رینجرز اور پولیس کی نفری تعینات ہے۔

شہرِ قائد میں قائم تمام پولنگ اسٹیشنز میں کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل بھی کروایا جا رہا ہے۔