آزاد کشمیر انتخابات، ووٹنگ جاری

July 25, 2021

آزاد جموں کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں ووٹ ڈالنے کا عمل جاری ہے، پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

آزاد جموں و کشمیر الیکشن میں عوام پُرجوش ہیں، کئی پولنگ اسٹیشنز پر گہما گہمی نظر آئی، کہیں بزرگ شہری سہارا لے کر ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچے تو کہیں وہیل چیئر اور بیساکھی کی مدد سے خصوصی افراد نے پولنگ اسٹیشنوں کا رخ کیا۔

بعض مقامات پر پولنگ میں تاخیر کی شکایات بھی ملیں، پشاور کے ایک پولنگ اسٹیشن پر انتخابی عملہ لوڈشیڈنگ سے پریشان رہا۔

گوجر بانڈی میں لڑکیوں کی بڑی تعداد نے پہلی بار ووٹ ڈالا، شہریوں کا کہنا ہے کہ بنیادی مسائل حل کروانے کے لیے ووٹ ڈال رہے ہیں۔

بزرگ، جوان، خواتین، مرد ووٹروں پر مشتمل کشمیریوں کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنز پر اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے قطاروں میں لگی ہوئی ہے۔

الیکشن کیلئے سرکاری وسائل استعمال ہو رہے ہیں: مئیر راولپنڈی

راولپنڈی کے میئر سردار نسیم کا کہنا ہے کہ ہم اپنے ووٹرز کی حفاظت کے لیے موجود ہیں، کشمیری ووٹرز گھروں سے نکلیں، الیکشن کے لیے سرکاری وسائل استعمال ہو رہے ہیں۔

آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے سلسلے میں مئیر راولپنڈی سردار نسیم نے شہر میں مختلف علاقوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کےباوجود حکومت ہمیں راول پنڈی کا مئیر ماننے کو تیار نہیں ہے۔

راولپنڈی کے میئر کا مزید کہنا ہے کہ پولیس سمیت تمام سرکاری وسائل آزاد کشمیر کے الیکشن کے لیے استعمال کیئے جا رہے ہیں۔

سردار نسیم نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ الیکشن مہم کے لیے سرکاری گاڑیاں اور وسائل کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

ڈل چٹیاں: سیاسی جماعت کا پولیس پر حملہ، 5 اہلکار زخمی

آزاد کشمیر کے علاقے ڈل چٹیاں کے حلقے ایل اے 32کے پولنگ اسٹیشن 54 میں ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔

ڈل چٹیاں کے ایس پی ریاض مغل کے مطابق سیاسی جماعت کے کارکنوں کی جانب سے کیئے گئے حملے میں 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس پر حملے کا واقعہ خواتین پولنگ اسٹیشن پر پیش آیا ہے، جماعتِ اسلامی کے کارکنوں کو خواتین کے پولنگ اسٹیشن جانے سے روکا تھا۔

ڈل چٹیاںکے ایس پی ریاض مغل کا یہ بھی کہنا ہے کہ کارکنوں نے ڈنڈوں سے پولیس پارٹی پر حملہ کیا ہے۔

پولنگ کے عمل سے مطمئن نہیں: نون لیگی امیدوار

آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 39 جموں 6 سے مسلم لیگ نون کے امیدوار راجہ صدیق کا کہنا ہے کہ ہم پولنگ کے عمل سے مطمئن نہیں ہیں۔

ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 39 جموں 6 سے مسلم لیگ نون کے امیدوار راجہ صدیق نے کہا کہ بیلٹ پیپر کا ڈیزائن دھاندلی کے زمرے میں آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیلٹ پیپر فولڈ کرنے سے میرا انتخابی نشان متنازع ہو گا، اس دھاندلی میں وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتیں شامل ہیں۔

راجہ محمد صدیق کا مزید کہنا ہے کہ میرے اکثر ووٹ ضائع ہو جائیں گے، الیکشن کمیشن مرکزی حکومت کی کٹھ پتلی ہے۔

آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 39 جموں 6 سے مسلم لیگ نون کے امیدوار راجہ صدیق کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارے ووٹرز کا اندراج درست طریقے سے نہیں کیا گیا۔

بارکھان میں صرف 1 ووٹر کیلئے پولنگ اسٹیشن قائم

بلوچستان کے ضلع بارکھان میں آزاد کشمیر کے حلقے ایل اے 34 کے لیے ایک خاتون ووٹر رجسٹرڈ ہیں۔

آزاد کشمیر کے حلقے ایل اے 34 کے انتخابات کے لیے صرف ایک خاتون ووٹر کے لیے بارکھان میں گورنمنٹ اسکول میں پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے سلسلے میں ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے،پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔


ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی پولنگ اسٹیشن آمد، مخالفین کے نعرے

آزاد کشمیر کے انتخابات کے سلسلے میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کوئٹہ میں آزاد کشمیر اسمبلی کے حلقے ایل اے 40کیلئے قائم پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کو پولنگ اسٹیشن پر دیکھ کر پیپلز پارٹی اور نون لیگ کے کارکنوں نے ان کے خلاف نعرے لگائے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق آج تاریخ ساز دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ 25 جولائی 2018ء کو ملک بھر سے پی ٹی آئی کی جیت ہوئی تھی، کشمیری بھائی آج کے الیکشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کا مزید کہنا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات سے متعلق تمام جماعتوں نے بھرپور الیکشن مہم چلائی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِاعلیٰ بلوچستان جام کمال اچھے انداز میں کام کر رہے ہیں،انہیں پی ٹی آئی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

ووٹ چور دھاندلی سے باز رہیں: احسن اقبال

مسلم لیگ نون کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ووٹ چوروں کو خبردار کیا جاتا ہے کہ دھاندلی سے باز رہیں۔

لاہور میں مسلم لیگ نون کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔

اجلاس میں نون لیگی رہنماؤں سینیٹر رانا مقبول، عظمیٰ بخاری سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے جنہوں نے آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا۔

احسن اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نون کا خصوصی مانیٹرنگ سیل صبح سے کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں ووٹ کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔

نون لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ عوام کے حقِ حکمرانی کے تحفظ کے لیے فرض انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں دھاندلی، دھونس اور گڑبڑ کے تمام واقعات کا اندراج کیا جا رہا ہے۔

مسلم لیگ نون کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن سیل کی مدد سے عوام اور میڈیا کے سامنے حقائق لاتے رہیں گے۔

پشاور: پریزائیڈنگ آفیسر اور اسکول پرنسپل میں ہاتھا پائی

پشاور میں آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 39 جموں میں انتخابی عمل کے دوران پریزائیڈنگ آفیسر اور اسکول کے پرنسپل میں ہاتھا پائی ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق گورنمنٹ شہید حسنین علی شاہ ہائر سکینڈری اسکول کے پولنگ اسٹیشن میں پریزائیڈنگ آفیسر اور اسکول کے پرنسپل کے درمیان بجلی کی معطلی کے معاملے پر ہاتھا پائی ہوئی ہے۔

پریزائیڈنگ آفیسر نے صبح بجلی بند ہونے کی شکایت کی تھی، اسکول پرنسپل پریزائیڈنگ آفیسر کی شکایت پر نالاں ہو کر دست و گریباں ہو گئے۔

اس صورتِ حال کے بعد پریزائیڈنگ افسر اور پولنگ کے عملے نے احتجاجاً ڈیوٹی دینے سے انکار کر دیا، جس کے بعد حلقہ ایل اے 39 جموں 6 میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔

بعد ازاں پولنگ اسٹیشن میں پریزائیڈنگ افسر اور اسکول پرنسپل کے درمیان صلح کرا دی گئی جس کے بعد رکا ہوا پولنگ کا عمل دوبارہ شروع ہو گیا۔

تاج حیدر کا سیکریٹری الیکشن کمیشن کو خط

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور مرکزی الیکشن سیل کے سربراہ تاج حیدر نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے جس میں آزاد کشمیر کے انتخابی حلقے ایل اے 29 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 29 اور 30 میں دوبارہ پولنگ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پولنگ اسٹیشن نمبر 29 اور30 پر تصادم کے باعث پولنگ بند کر دی گئی تھی۔

تاج حیدر نے خط میں لکھا ہے کہ حلقہ ایل اے 29 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 108 پر 2 پولنگ بوتھس میں سے صرف 1 فعال ہے۔

خط میں تاج حیدر نے یہ بھی لکھا ہے کہ ایل اے 16 میں پولنگ اسٹیشن نمبر 98 پر پی پی کے ووٹرز پر تشدد کیا گیا اور انہیں ووٹ دینے سے روک دیا گیا۔

اس سے قبل پیپلز پارٹی کے ترجمان نے کہا تھا کہ منڈہول بل بازار کے پولنگ اسٹیشن پر پی ٹی آئی کے کارکن بیلٹ پیپرز پر مہر لگا رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے ترجمان کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر تاج حیدر نے الیکشن کمیشن کو واقعے کی تحریری شکایت پیش کی تھی۔

باغ میں دوبارہ تصادم، 7 افراد زخمی، پولنگ رک گئی

آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں ووٹنگ کے دوران حلقہ ایل اے 15 وسطی باغ سلہٹ کے پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ تصادم ہوا ہے، جس کے بعد پولنگ ایک بار پھر بند کر دی گئی ہے۔

ہاڑی گہل میں تصادم کے دوران ہوائی فائرنگ کی گئی، جبکہ ڈنڈوں اور پتھراؤ سے 7 افراد زخمی ہوئے۔

مجسٹریٹ سیکٹر 3 کے مطابق 7 ووٹ کاسٹ ہونے کے بعد کارکنوں میں دوبارہ تصادم ہوا ہے۔

باغ میں سیاسی کارکنوں میں تصادم کے بعد ڈپٹی کمشنر باغ آر او، فوج اور رینجرز کے ہمراہ ہاڑی گہل پہنچ گئے۔

واضح رہے کہ آزاد جموں کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں ووٹ ڈالنے کا عمل جاری ہے، پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

سماہنی میں PTI امید وار کے قافلے پر پتھراؤ

آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر کی تحصیل سماہنی میں پی ٹی آئی کے امید وار چوہدری علی شان کے قافلے پر مخالفین کی جانب سے مبینہ پتھراؤ کیا گیا ہے۔

سماہنی پولیس کے مطابق پتھراؤ کا واقعہ پولنگ اسٹیشن نمبر 73 اور 74 کے قریب پیش آیا ہے۔

سماہنی پولیس نے مزید بتایا کہ مبینہ طور پر مخالفین کے پتھراؤ سے 3 گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

سماہنی پولیس کا یہ بھی کہنا ہےکہ پتھراؤ کے مقام پر اس وقت حالات مکمل کنٹرول میں ہیں اور پولنگ کا عمل جاری ہے۔

پولنگ ایجنٹ کو باہر نکالنے کی مذمت کرتے ہیں: خرم دستگیر

مسلم لیگ نون کے رہنما خرم دستگیر خان کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ میں پولنگ ایجنٹ کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکالنے کی مذمت کرتے ہیں۔

گوجرانوالہ میں مسلم لیگ نون کے رہنما خرم دستگیر خان نے رانا ثناء اللّٰہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران یہ بات کہی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹ پر امن رہیں گے لیکن بیلٹ باکس کے پاس رہیں گے، ہم تاریخی فتح حاصل کر کے میاں نواز شریف کے قدموں میں ڈالیں گے۔

پولنگ اسٹیشن کا دورہ ڈپٹی کمشنر کا کام نہیں: رانا ثناء اللّٰہ

مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر گوجرانولہ پولنگ اسٹیشن کا دورہ ترک کر دیں، یہ ان کا کام نہیں ہے۔

گوجرانوالہ میں مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے خرم دستگیر خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران یہ بات کہی۔

انہوں نے کہا کہ فارم 45 دیئے بغیر کسی پریزائیڈنگ افسر کو نہیں چھوڑیں گے، ووٹوں کی گنتی پولنگ ایجنٹس کے سامنے ہو گی۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کا صدر اپنا الیکشن چھوڑ کر حکومتی جماعت کے حق میں دستبردار ہو گیا، پاکستان میں جو 12 سیٹیں ہیں ان میں سے 5 سیٹیں گوجرانولہ ڈویژن کی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ الیکشن شروع ہوا توشیدا ٹلی فرما رہے تھے کہ عمران خان 2 تہائی اکثریت سے حکومت بنائیں گے، رات وہی شیدا ٹلی کہہ رہے تھے کہ حکومت بنائیں گے چاہے ایک سیٹ سے بنائیں۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن سے نکال دیا

گوجرانوالہ کے ڈپٹی کمشنر گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2 میں قائم پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے جنہوں نے وہاں سے نون لیگ اور مسلم کانفرنس کے پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکال دیا۔

پولنگ روم سے نکالنے پر نون لیگی پولنگ ایجنٹوں نے احتجاج کیا، اس موقع پر مسلم لیگ نون کے پولنگ ایجنٹ اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر اور نون لیگی پولنگ ایجنٹ میں تلخ کلامی کے بعد اس پولنگ اسٹیشن پر پولنگ روک دی گئی، نون لیگ کے امیدوار چوہدری اسماعیل گجر بھی مذکورہ پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کا کہنا ہےکہ پولنگ ایجنٹوں کو پولنگ روم سے نکالا تھا۔

دوسری جانب پولنگ ایجنٹوں کا مؤقف ہے کہ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ ہمیں روم سے نکال کر دھاندلی کرانا چاہتے ہیں۔

گوجرانوالہ: نون لیگی امیدوار چوہدری اسماعیل گجر کا ووٹ کاسٹ

گوجرانوالہ میں آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 35 جموں 2 میں انتخابات کیلئے نون لیگ کے امیدوار چوہدری اسماعیل گجر نے اپنا ووٹ پولنگ اسٹیشن نمبر 16 میں کاسٹ کیا۔

کوٹلی: سیاسی کارکنوں میں تصادم، 2 جاں بحق، 2 زخمی

آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی کے حلقے ایل اے 12چڑھوئی میں 2 سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان ہونے والے تصادم اور جھگڑے کے دوران ہونے والی فائرنگ سے زخمی ہونے والا 1 اور شخص بھی چل بسا، جس کے بعد واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہو گئی۔

کوٹلی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے اس واقعے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جو اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

کوٹلی کے ایس ایس پی راجہ محمد اکمل خان نے اس سے قبل جاں بحق ہونے والے نوجوان کا نام ظہیر بتایا تھا۔

پولیس کے مطابق سیاسی جماعتوں کے کارکنان میں جھگڑے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔

ادھر مظفر آباد کے حلقہ ایل اے 27 کے پولنگ اسٹیشن کوپرا گلی میں بھی 2 گروپوں میں جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد وہاں پولنگ کا عمل رک گیا تھا۔

کراچی: 1 پولنگ اسٹیشن میں کوئی ووٹر نہیں پہنچا

کراچی میں آزاد جموں کشمیر کے انتخابات کے سلسلے میں 2 نشستوں کے لیے پولنگ ہو رہی ہے، کشمیر وادی ون ایل اے 40 کے لیے شاہ فیصل کالونی میں واقع پولنگ اسٹیشن میں ووٹنگ جاری ہے تاہم حلقہ ایل اے 34 جموں ون کے لیے ملالہ یوسفزئی اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن میں تاحال کوئی ووٹر نہیں پہنچا۔

کراچی کے ضلع جنوبی کے واحد پولنگ اسٹیشن ملالہ یوسف زئی اسکول میں کل 55 ووٹ درج ہیں، جہاں 24 مرد اور 31 خواتین ووٹرز میں سے کوئی بھی ووٹ ڈالنے نہیں پہنچا ہے۔

ایل اے 34 جموں ون کے حلقے میں 14 امیدوار میدان میں ہیں، ایل اے 34 جموں ون سندھ کے 29 پولنگ اسٹیشن میں ووٹرز کی تعداد 1 ہزار 390 ہے۔

ایل اے 34 جموں ون کے حلقے کے لئے کراچی کے 11 پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں واقع گورنمنٹ اسکول میں 2 پولنگ اسٹیشن قائم کیئے گئے ہیں جہاں آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 34 اور ایل اے 40 کے لیے پولنگ ہو رہی ہے۔

اسی طرح کیماڑی کے علاقے میں واقع گورنمنٹ ماڈل اسکول جیکسن بازار میں بھی پولنگ ہو رہی ہے۔

پولنگ اسٹیشن میں عملہ ووٹرز کے اندراج اور ان کی رہنمائی کے لیے موجود ہے، اس پولنگ اسٹیشن میں 150 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔

کراچی میں تمام پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی سخت ہے، رینجرز اور پولیس کی نفری تعینات ہے۔

شہرِ قائد میں قائم تمام پولنگ اسٹیشنز میں کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل بھی کروایا جا رہا ہے۔

کشمیر میں بھی مودی کے یاروں کو شکست ہو گی: فرخ حبیب

وزیرِ مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کی طرح کشمیر میں بھی مودی کے یاروں کو شکست ہو گی۔

یہ بات وزیرِ مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں کہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ کرپشن، منی لانڈرنگ، جعلی اکاؤنٹس اور سرٹیفائیڈ جھوٹوں کو بدترین شکست ہو گی، وزیرِ اعظم عمران خان نے عالمی فورمز پر بطور سچے سفیر کشمیریوں کا مقدمہ پیش کیا۔

فرخ حبیب کا مزید کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے کشمیریوں کا مقدمہ مثالی انداز سے پیش کر کے ان کے دل جیت لیے ہیں۔

وزیرِمملکت برائے اطلاعات کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان شاء اللّٰہ آج کشمیری عوام بلے پر ٹھپہ لگا کر پی ٹی آئی کو کامیاب کروائیں گے۔

ایک دن تمام کشمیری اسی آزادی سے ووٹ ڈالینگے: فواد چوہدری

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ایک دن پورے (آزاد و مقبوضہ) کشمیر کے لوگ اسی آزادی سے اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔

یہ بات وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں کہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابات مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے خوابوں کو جلا بخشتے ہیں۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا ہے کہ ایک دن تمام کشمیری اپنے نمائندوں پر مشتمل حکومت بنائیں گے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج کا انتخاب وزیرِ اعظم عمران خان کے نئے کشمیر کے نام ہے۔

لاہور میں 25 پولنگ اسٹیشنزمیں ووٹنگ

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے لیے لاہور ڈویژن میں پولنگ کا عمل جاری ہے، جس کے لیے لاہور ڈویژن میں 25 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔

تمام پولنگ اسٹیشنز پر مرد و خواتین ووٹرز کی آمد اور ووٹ کاسٹ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں بھی بزرگ، جوان، خواتین و مرد کشمیری ووٹرز آ رہے ہیں اور اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔

ریٹرننگ آفیسر توقیر اقبال کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات کے لاہور ڈویژن میں 2 حلقے ہیں، ایک جموں اور ایک ویلی، جموں کی ایک نشست کے 15، جبکہ ویلی کی نشست کے 10 پولنگ اسٹیشن ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایل اے 34 جموں کی نشست پر 13 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے، جبکہ ایل اے 41 ویلی کی نشست پر 8 امیدوار میدان میں ہیں۔

ریٹرننگ آفیسر کا کہنا ہےکہ پولنگ کا عملہ پولنگ اسٹیشنز پر موجود ہے جو اپنی ڈیوٹی انجام دے رہا ہے، تمام انتظامات مکمل ہیں اور پولنگ کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور میں 3 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس، 19 حساس اور 3 نارمل قرار دیئے گئے ہیں، ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن دفتر میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

ریٹرننگ آفیسر توقیر اقبال کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر پولیس نے اپنی ڈیوٹیاں سنبھال رکھی ہیں اور وہی وہاں امن و امان قائم رکھنے کی پابند ہو گی۔

مظفر آباد میں میڈیا کو کوریج سے روک دیا گیا

مظفر آباد کے پولنگ اسٹیشن گوجر بانڈی میں میڈیا کو پولنگ عمل کی ویڈیو بنانے اور کوریج کرنے سے روک دیا گیا۔

وہاں تعینات پریزائڈنگ افسر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مظفر آباد کے پولنگ اسٹیشن گوجر بانڈی میں میڈیا کو پولنگ کے عمل کی ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں ہے۔

پریزائڈنگ افسر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈی آر او آفس سے ہدایت ہے کہ پولنگ کے عمل کی ویڈیو نہ بنانے دی جائے۔

گوجرانوالہ: پولنگ اسٹیشن کے باہر نون لیگی انتخابی کیمپ اکھاڑ دیا گیا

گوجرانوالہ میں پولیس نے پولنگ اسٹیشن کے باہر مسلم لیگ نون کا انتخابی کیمپ اکھاڑ دیا۔

انتخابی کیمپ گوجرانوالہ میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول نمبر 2 کے باہر لگایا گیا تھا۔

گوجرانوالہ پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ انتخابی کیمپ پولنگ اسٹیشن سے 300 میٹر سے کم فاصلے پر لگایا گیا تھا۔

گوجرانوالہ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ نون لیگی کارکنان کو 300 میٹر کے فاصلے پر انتخابی کیمپ لگانے کا کہا گیا ہے۔

کراچی میں 2 نشستوں کیلئے پولنگ جاری

کراچی میں آزاد جموں کشمیر کے انتخابات کے سلسلے میں 2 نشستوں کے لیے پولنگ جاری ہے، کشمیر وادی ون ایل اے 40 کے لیے شاہ فیصل کالونی میں واقع پولنگ اسٹیشن میں پہلا ووٹ کاسٹ کر دیا گیا۔

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں واقع گورنمنٹ اسکول میں 2 پولنگ اسٹیشن قائم کیئے گئے ہیں جہاں آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 34 اور ایل اے 40 کے لیے پولنگ ہو رہی ہے۔

اسی طرح کیماڑی کے علاقے میں واقع گورنمنٹ ماڈل اسکول جیکسن بازار میں بھی پولنگ ہو رہی ہے۔

پولنگ اسٹیشن میں عملہ ووٹرز کے اندراج اور ان کی رہنمائی کے لیے موجود ہے، اس پولنگ اسٹیشن میں 150 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔

کراچی میں تمام پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی سخت ہے، رینجرز اور پولیس کی نفری تعینات ہے۔

شہرِ قائد میں قائم تمام پولنگ اسٹیشنز میں کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل بھی کروایا جا رہا ہے۔

گنڈا پور کیخلاف کارروائی ہو رہی ہے: چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر

چیف الیکشن کمشنرآزاد کشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے۔

مظفر آباد میں چیف الیکشن کمشنرآزاد کشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گنڈا پور کو چھوڑو آج اچھی اچھی باتیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تیاری میں حکومت کی پوری معاونت حاصل رہی ہے، الیکشن میں ٹرن آؤٹ 56 فیصد سے زیادہ ہو گا۔

چیف الیکشن کمشنرآزاد کشمیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پریزائیڈنگ افسر سے کہا ہے کہ نتائج کا موقع پر اعلان کریں اور پولنگ ایجنٹ کو نتائج کی کاپی دیں۔

آزاد کشمیر، کتنے حلقے، کتنے ووٹرز؟

آزاد کشمیر کے 45 حلقوں میں پاکستان تحریکِ انصاف، مسلم لیگ نون اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

آزاد کشمیر کے 45 حلقوں میں اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے 32 لاکھ سے زائد ووٹر حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

پاکستان بھر میں رہنے والے 4 لاکھ 5 ہزار 253 کشمیری ووٹر بھی آزاد کشمیر اسمبلی کے لیے اپنے من پسند امیدواروں کو ووٹ ڈالیں گے۔

آزاد کشمیر میں موجود کُل 32 لاکھ 20 ہزار 793 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جبکہ 4 لاکھ 5 ہزار 253 مہاجرین بھی ووٹ دیں گے۔

الیکشن کمیشن کے حکم پر انتخابی عمل کے دوران حساس پولنگ اسٹیشنوں پر فوج تعینات کردی گئی ہے، 40 ہزار پولیس اہلکار بھی الیکشن ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔

سابق وزرائے اعظم وزارتِ عظمیٰ کی دوڑ میں شامل

سابق وزرائے اعظم اور سیاسی جماعتوں کے سربراہ آزاد جموں و کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کی دوڑ میں شامل ہیں۔

آزاد کشمیر کے الیکشن میں مسلم لیگ نون کے بیرسٹر افتخار علی گیلانی کا مقابلہ خواجہ فاروق سے ہورہا ہے، وزیرِ اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے صاحبزادہ اشفاق ظفر مدِمقابل ہیں، جبکہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور مسلم لیگ نون کے امید وار چوہدری سعید آمنے سامنے ہیں۔

کس جماعت کے کتنے امیدوار؟

مسلم لیگ نون، پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریکِ انصاف اور تحریکِ لبیک پاکستان کے 33، 33 امیدوار آزاد کشمیر کے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

مسلم کانفرنس کے 32 اور جماعتِ اسلامی کے 28 امید وار بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں۔