غنا علی کے شوہر کو ایک بار پھر تنقید کا سامنا

July 25, 2021

حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی معروف اداکارہ غنا علی کے شوہر کو ایک بار سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کا نشانہ بنادیا۔

غنا علی نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے شوہر کے ہمراہ اپنی کچھ نئی تصویریں شیئر کی ہیں۔


انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویروں میں غنا علی سفید لباس میں ملبوس ہیں جبکہ اُن کے شوہر نے سیاہ رنگ کی قمیص شلوار زیب تن کی ہوئی ہے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں بتایا کہ ’یہ تصویریں گزشتہ شب ڈنر ڈیٹ کے موقع پر لی گئیں۔‘

غنا علی کی پوسٹ پر جہاں چند صارفین نے مثبت بھرے تبصرے کیے تو وہیں زیادہ تر صارفین نے اُن کے شوہر کی ظاہری شخصیت پر خوب تنقید کے تیر برسائے۔

سید محسن نامی صارف نے لکھا کہ ’کیا پیٹ ہے بھائی۔‘

ایک خاتون صارف نے غنا علی سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’شاید! آپ کے شوہر کے پاس صرف ایک ہی جوڑا ہے۔‘

انعمتہ نامی صارف نے لکھا کہ ’یہ تو موٹو اور پتلو کی جوڑی ہے۔‘

بی بی گُل صارف نے کہا کہ ’اگر غنا علی کے شوہر اپنا وزن کم کرلیں تو وہ ان کے ساتھ خوب اچھے لگیں گے۔‘

واضح رہے کہ غنا علی رواں سال ہی کراچی کے رہائشی عُمیر گلزار کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئیں جو پہلے سے شادی شدہ تھے۔

غنا علی کو شادی کے بعد سے اُن کے شوہر کی وجہ سے کافی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ غنا علی اب تک کے پاکستان کے کئی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں جن میں سُن یارا، کس دن میرا ویاہ ہووے گا سیزن 4، سایہ دیوار بھی نہیں، ہانیہ، چھوٹی چھوٹی باتیں اور سراب سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ غنا علی پاکستان کی کچھ مشہور فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں جن میں رنگریزہ، مان جاؤ نا، اور کاف کنگنا شامل ہیں۔