عائزہ خان نے کورونا کی دونوں ڈوز لگوالیں

July 25, 2021

ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری سے سب کو اپنا دیوانہ بنانے والی اداکارہ عائزہ خان نے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین کی دونوں ڈوز لگوالیں۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر زیادہ متحرک رہنے والی اداکارہ عائزہ خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے کورونا ویکسینیشن سرٹیفکٹ کی تصویر شیئر کی ہے۔


عائزہ خان کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اُنہوں نے خود اور اپنے اردگرد کو لوگوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے ویکسین کی دونوں ڈوز لگوالی ہیں۔

اداکارہ نے کورونا ویکسین کی دونوں ڈوز لگوانے پر خوشی کا اظہار کیا۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’ذمہ داری سے کورونا ویکسین لگوائیں، خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کو محفوظ رکھیں۔‘

واضح رہے کہ ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے وار جاری ہیں، دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں اور کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر ساڑھے 6 فیصد کے قریب پہنچ چکی ہے۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اب تک اموات کی مجموعی تعداد23ہزار سے اوپر چلی گئی، کورونا کے بڑھتے کیسز کے سبب کراچی کے ضلع کورنگی کی 5 یوسیز میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا، بلوچستان کے ضلع کیچ میں آج سے 15روزہ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔