منگنی کے بعد شہباز شگری کا آئمہ بیگ کیلئے پیار بھرا پیغام

July 25, 2021

اداکار شہباز شگری نے گلوکارہ آئمہ بیگ سے تعلق کے اعلان کے چار ماہ بعد باضابطہ منگنی کرلی، منگنی کے بعد شہباز شگری نے منگیتر کیلئے ایک پیار بھرا پیغام شیئر کیا ہے۔

اداکار نے منگنی کی تقریب کی آئمہ بیگ کے ہمراہ ایک دلکش تصویر شیئر کی اور ایک پیار بھرا پیغام بھی لکھا۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے دنیا کی ایک بہترین لڑکی سے ملاقات کی اور کسی نہ کسی طرح ، اس نے مجھے اپنے ساتھ ہی رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔‘


واضح رہے کہ حال ہی میں آئمہ بیگ اور شہباز شگری نے انفرادی طور پر منگنی کرنے کے چار ماہ بعد باضابطہ طور پر اہل خانہ کی موجودگی میں منگنی کی، دونوں نے رواں برس 20 مارچ کو انسٹاگرام پوسٹس کے ذریعے منگنی کرنے کا اعلان کیا تھا اور دونوں نے انگوٹھیوں کے ہمراہ تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔

منگنی کی تقریب میں گلوکار و موسیقار بلال سعید اور اداکارہ ہانیہ عامر کے علاوہ دیگر شوبز شخصیات اور موسیقی سے وابستہ افراد بھی شریک ہوئے جبکہ دونوں کے رشتے داروں نے بھی شرکت کی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ اہل خانہ کی رضامندی سے باضابطہ منگنی ہوجانے کے بعد اب دونوں ممکنہ طور پر رواں برس کے اختتام یا پھر آئندہ سال کے آغاز تک رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔