پولنگ ایجنٹ کو باہر نکالنے کی مذمت کرتے ہیں: خرم دستگیر

July 25, 2021

مسلم لیگ نون کے رہنما خرم دستگیر خان کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ میں پولنگ ایجنٹ کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکالنے کی مذمت کرتے ہیں۔

گوجرانوالہ میں مسلم لیگ نون کے رہنما خرم دستگیر خان نے رانا ثناء اللّٰہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران یہ بات کہی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹ پر امن رہیں گے لیکن بیلٹ باکس کے پاس رہیں گے، ہم تاریخی فتح حاصل کر کے میاں نواز شریف کے قدموں میں ڈالیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گوجرانوالہ کے ڈپٹی کمشنر گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2 میں قائم پولنگ اسٹیشن پہنچے جہاں سے انہوں نے نون لیگ اور مسلم کانفرنس کے پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکال دیا۔

پولنگ روم سے نکالنے پر نون لیگی پولنگ ایجنٹوں نے احتجاج کیا، اس موقع پر مسلم لیگ نون کے پولنگ ایجنٹ اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر اور نون لیگی پولنگ ایجنٹ میں تلخ کلامی کے بعد اس پولنگ اسٹیشن پر پولنگ روک دی گئی، نون لیگ کے امیدوار چوہدری اسماعیل گجر بھی مذکورہ پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے۔

اس سے قبل گوجرانوالہ پولیس نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول نمبر 2 میں قائم پولنگ اسٹیشن کے باہر لگایا گیا مسلم لیگ نون کا انتخابی کیمپ اکھاڑ دیا تھا۔