ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن سے نکال دیا

July 25, 2021

گوجرانوالہ کے ڈپٹی کمشنر گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2 میں قائم پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے جہاں سے انہوں نے نون لیگ اور مسلم کانفرنس کے پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکال دیا۔

پولنگ روم سے نکالنے پر نون لیگی پولنگ ایجنٹوں نے احتجاج کیا، اس موقع پر مسلم لیگ نون کے پولنگ ایجنٹ اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر اور نون لیگی پولنگ ایجنٹ میں تلخ کلامی کے بعد اس پولنگ اسٹیشن پر پولنگ روک دی گئی، نون لیگ کے امیدوار چوہدری اسماعیل گجر بھی مذکورہ پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کا کہنا ہےکہ پولنگ ایجنٹوں کو پولنگ روم سے نکالا تھا۔

دوسری جانب پولنگ ایجنٹوں کا مؤقف ہے کہ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ ہمیں روم سے نکال کر دھاندلی کرانا چاہتے ہیں۔

اس سے پہلے گوجرانوالہ میں آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 35 جموں 2 میں انتخابات کیلئے نون لیگ کے امیدوار چوہدری اسماعیل گجر نے اپنا ووٹ پولنگ اسٹیشن نمبر 16 میں کاسٹ کیا۔

اس سے قبل گوجرانوالہ پولیس نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول نمبر 2 میں قائم پولنگ اسٹیشن کے باہر لگایا گیا مسلم لیگ نون کا انتخابی کیمپ اکھاڑ دیا تھا۔

گوجرانوالہ پولیس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انتخابی کیمپ پولنگ اسٹیشن سے 300 میٹر سے کم فاصلے پر لگایا گیا تھا، ہم نے اب نون لیگی کارکنان کو 300 میٹر کے فاصلے پر انتخابی کیمپ لگانے کا کہا ہے۔