مریم اورنگزیب کی پولنگ اسٹیشنز سے ایجنٹس کو نکالنے کی مذمت

July 25, 2021


ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے پولنگ اسٹیشنز سے پولنگ ایجنٹس کو نکالنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ نون کا عملہ باہر نکال کے ووٹ چوری کیے جا رہے ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ مختلف پولنگ اسٹیشنز پرمسلم لیگ ن کے پولنگ ایجنٹس کو داخل ہونے سے روکا گیا، حکومتی دباؤ پر پولیس ہمارے پولنگ ایجنٹس اورپارٹی رہنماوں کو ہراساں کررہی ہے، کئی پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ایجنٹس کی غیرموجودگی میں بیگز کو کھولا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ بیلٹ بکس سے متعلق بھی شکایات موصول ہوئی ہیں، فائرنگ کے واقعات کی اطلاعات تشویشناک ہیں، حکومت آزاد جموں وکشمیر میں ڈسکہ والے رویے سے باز آئے، عمران صاحب آزاد جموں وکشمیر میں مودی والا رویہ اختیار نہ کریں۔

ترجمان نوبن لیگ نے کہا کہ پی ٹی آئی اور عمران صاحب کو اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے، عمران صاحب2018 والے ہتھکنڈے اختیارکرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب دھاندلی کے ذریعے اپنی شکست کو فتح میں نہیں بدل سکتے، کارکنان اور عوام ہرحکومتی دھاندلی کی ویڈیو اورتصاویر بناکرعوام کے سامنے لائیں۔

واضح رہے کہ گوجرانوالہ کے ڈپٹی کمشنر گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2 میں قائم پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے جنہوں نے وہاں سے نون لیگ اور مسلم کانفرنس کے پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکال دیا۔

پولنگ روم سے نکالنے پر نون لیگی پولنگ ایجنٹوں نے احتجاج کیا، اس موقع پر مسلم لیگ نون کے پولنگ ایجنٹ اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر اور نون لیگی پولنگ ایجنٹ میں تلخ کلامی کے بعد اس پولنگ اسٹیشن پر پولنگ روک دی گئی، نون لیگ کے امیدوار چوہدری اسماعیل گجر بھی مذکورہ پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کا کہنا ہےکہ پولنگ ایجنٹوں کو پولنگ روم سے نکالا تھا۔