پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی منسوخ

July 25, 2021

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ منسوخ کردیا گیا، سیریز کا آغاز اب 28 جولائی سے ہوگا۔

آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز تاخیر سے ختم ہونے کے سبب پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے ایک میچ کم کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ کے بجائے اب چار میچز کھیلے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی اب 28 جولائی کو بارباڈوس میں کھیلا جائے گا، باقی تین میچز شیڈول کے مطابق گیانا میں ہی ہوں گے۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جاری کردہ نئے شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز اب 28 جولائی کو شروع ہوگی جبکہ دوسرا میچ 31 جولائی، تیسرا یکم اگست اور چوتھا تین اگست کو کھیلا جائے گا۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 12 اگست سے شروع ہوگی جس میں دوسرا ٹیسٹ 20 اگست سے کھیلا جائے گا۔

قومی ٹیم اس دورے کے بعد 25 اگست کو وطن واپس روانہ ہوگی۔