اولمپکس ٹینس: کینسر کو ہرانے والی کارلا پہلے راؤنڈ میں کامیاب

July 26, 2021

ٹوکیو (جنگ نیوز) ہسپانوی ٹینس سٹار کارلا سواریز نوارو نے کینسر سے صحت یاب ہونے کے بعد ٹوکیو اولمپکس کے پہلے راؤنڈ میں تیونس کی انس جابر کو شکست دے کر پہلی فتح اپنے نام کی ہے۔ سابقہ عالمی نمبر چھ کینسر کو شکست دینے کے بعد گذشتہ ماہ فرنچ اوپن میں اپنی واپسی پر ایکشن میں نظر آئی تھیں۔ انہیں ستمبر 2020 میں لیمفاٹک کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ البتہ ومبلڈن چیمپئن عالمی نمبر ایک خاتون ٹینس پلیئر ایشلے بارٹی پہلے راؤنڈ میں اسپین کی سارا سوریبس مورٹو کے ہاتھوں شکست کھاکر گھر واپس لوٹ گئیں ۔ادھر برطانیہ کے سابق عالمی نمبر ون اینڈی مرے فٹنس مسائل کے سبب سنگلز ایونٹ سے دستبردار ہوگئے۔ وہ ڈبلز میں قسمت آزمائی کرینگے۔ ویمنز ڈبلز میں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو شکست ہوگئی۔ انہیں اور ساتھی انکیتا رائنہ کو یوکرین کی حریف جوڑی نے شکست دی۔