سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل کل سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے

July 26, 2021

اسلام آباد (صبا ح نیوز)سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کل منگلکو ایک روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔پاکستانی حکومت اور اسلام آباد میں سعودی سفارت خانہ کے حکام نے اس دورے کی تصدیق کی ہے۔شہزادہ فیصل کا ایک سال میں پاکستان کا یہ دوسرا سرکاری دورہ ہوگا۔قبل ازیں انھوں نے دسمبر 2020 میں پاکستانی قیادت کے ساتھ بات چیت کے لیے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔عرب میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ منگل کو ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔وہ پاکستانی قیادت سے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ سے متعلق بات چیت کریں گے۔سعودی سفارت خانہ کے ایک عہدہ دار نے بتایا کہ شہزادہ فیصل کی منگل کو اسلام آباد میں آمد متوقع ہے۔یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح پر روابط کا تسلسل ہے۔