جیل افسران و عملے کو کورونا ویکسین لگوانے کیلئے 31جولائی کی ڈیڈلائن

July 26, 2021

راولپنڈی (وسیم اختر‘ سٹاف رپورٹر) پنجاب بھر کی جیلوں کے افسروں اور عملے کو کووڈ19کی ویکسین لگوانے کے لئے 31جولائی کی ڈیڈلائن دے دی گئی۔ یکم اگست کے بعد پنجاب بھر کی جیلوں میں کسی ایسے افسر یا جیل ملازم کو سرکاری احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی جس نے ویکسین نہ لگوائی ہوگی۔ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب کی جانب سے صوبہ کے تمام ریجن کے ڈی آئی جی جیل خانہ جات، تمام جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس، پرنسپل پنجاب پریزنز ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ لاہور اور ایڈمنسٹریٹو آفیسر آف پنجاب پریزنز فاؤنڈیشن لاہور کے نام جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈبلیو ایچ او کے رہنما خطوط کے مطابق ویکسینیشن کووڈ19 کی وباء سے بچاؤ کی حکمت عملی کا بنیادی جزو ہے جس کے لئے آپ کو بارہا ہدایت کی گئی ہے کہ تمام ملازمین فوری طور پر ویکسین لگوائیں لیکن یہ بات مشاہدہ میں آئی ہے کہ بار بار ہدایت کے باوجود پنجاب جیل خانہ جات کے تمام ملازمین نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی‘ جو قومی پالیسی کے خلاف ہے۔ اس ضمن میں ہدایت کی جاتی ہے کہ فوری طور پر اپنے ماتحت ملازمین کو دو روز کے اندر ویکسین لگوائیں۔ بصورت دیگر ایسے ملازمین کے خلاف انضباطی کارروائی کی جائے گی اور ان کی تنخواہ میں کٹوتی کی جائے گی۔ مراسلے میں تنبیہ کی گئی ہے کہ یکم اگست کے بعد پنجاب بھرکی جیلوں میں بغیر ویکسی نیشن کے کسی افسر یا جیل ملازم کو سرکاری احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔