مسیحی برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے حکومتی کاوشیں جاری رہینگی، راشد حفیظ

July 26, 2021

راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے سینٹ جوزف کتھیڈرل بشپ ہائوس لالکڑتی میں مسیحی برادری کے پیشواآرچ بشپ ڈاکٹرجوزف ارشد سے ملاقات کی۔ بشپ ہائوس پہنچنے پر ڈاکٹر جوزف ارشد نے صوبائی وزیر کا استقبال کیا ۔اس موقع پر مسیحی برادری کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر گفتگو ہوئی ۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری بھی دوسرے لوگوں کے ساتھ یکساں کردار ادا کر رہی ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تمام اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کے حقوق کی محافظ ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ مسیحی برادری کے اراکین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے جاری حکومتی کاوشوں کا تسلسل جاری رہے گا اور ہم زیادہ توجہ کے ساتھ ان مسائل کو حل کریں گے ۔ دریں اثناء صوبائی وزیر نے ہفتہ وار کھلی کچہری کے دوران عوام کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو فون پر احکامات جاری کئے ۔