بارشوں کے دوران خراب سٹریٹ لائٹس مرمت، بجلی نظام بحال

July 26, 2021

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کی انتظامیہ نے اسلام آباد میں گزشتہ بارشوں کے دوران خراب ہونیوالی سٹریٹ لائٹس کو مرمت کرکے شاہراہوں، گلیوں اور محلوں میں بجلی کے نظام کو مکمل بحال کردیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تر جمان سی ڈی اے کے مطا بق اس وقت شہر کی 85 فیصد سے زائد سٹریٹ لائٹس درست حالت میں اپنا کام کر رہی ہیں جبکہ باقی سٹریٹ لائٹس میں موجود معمولی نوعیت کے نقائص کو سی ڈی اے انتظامیہ تیزی سے دور کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ سٹریٹ لائٹس نے اسلام آباد میں خراب سٹریٹ لائٹس کو 130 ملازمین جو مختلف اوقات میں اپنے فرائض سر انجام دیتے ہیں جن کی مدد سے حالیہ مون سون کی بارشوں کے دوران مختلف ٹرانسفارمر میں معمولی نوعیت کے نقص آ ئے تھے، جنکو مرمت کرکے سٹریٹ لائٹس کوبحال کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں عید الاضحی کے دوران سی ڈی اے کے شعبہ سٹریٹ لائٹس نے اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے اور شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لئے محنت اور لگن سے کام کیا، اور شہر میں ٹریفک کی روانی کو رواں دواں رکھنے میں اہم ترین کردار بھی ادا کیا۔ اس وقت اسلام آباد میں 87 فیصد ٹریفک سگنلز اپنی درست حالت میں کام کر رہے ہیں، جو سی ڈی اے انتظامیہ ٹریفک پولیس کی معاونت سے کھولتی یا بند کرتی ہے جبکہ باقی تیرہ فیصد ٹریفک سگنلز کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے متعلقہ شعبے کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی خراب سٹریٹ لائٹس اور خراب ٹریفک سگنلز کی مرمت کا کام جلدازجلد مکمل کیا جائے اور شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ علاوہ ازیں سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر برسات سے پہلے کھلی اور ننگی بجلی کی تاروں اور اس طرح کے دیگر نقائص کو دور کرنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں تاکہ عوام کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچایا جا سکے۔