مجاہدین اسلام کی کامیابی سے پورا خطہ امن کا گہوارہ بن جائیگا،جمعیت نظریاتی

July 26, 2021

کوئٹہ (آن لائن)جمعیت نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستارشاہ چشتی نے جمعیت نظریاتی سندھ کے جنرل سیکرٹری پیروحیداللہ ہالیجوئی اوردیگروفودسے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعیت نظریاتی نے20سال قبل امریکہ اوراتحادی افواج کی ا فغانستان پریلغارکی مذمت اور مخالفت کھل کرکی تھی اورآج اسلامی امارات کی فتوحات کا خیرمقدم اوران کی ہر خوشی میں جمعیت نظریاتی انکے ساتھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان شہدا عظیم محسنوں کی قربانیوں نے سامراجی، استعماری اورطاغوتی قوتوں کے غرور کو خاک میں ملا دیا یہ سبق ان کی آئندہ نسلیں بھی یاد رکھیں گی ۔ اسلامی امارات افغانستان کی آزادی مجاہدین اسلام کی عملی جدوجہد اور شہدا کے خون کے نذرانوں کی مر ہون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجاہدین اسلام کی مسلسل فتوحات سے سیکولر جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ، انہوں نے کہا کہ کہ مجاہدین اسلام کی کامیابی سے نہ صرف اسلامی امارت افغانستان بلکہ پورا خطہ امن کا گہوارہ بن جائیگا۔ مجاہدین اسلام نے اپنی جوانی کا ایک بڑا حصہ جہاد کی نذر کیا اور عیش و آرام کے اسباب و وسائل سے بھرے بلند و بالا محلات کو چھوڑ کر افغانستان کی سنگلاخ وادیوں میں سالہا سال دنیا کے سامراجی قوتوں کے خلاف جہاد میں حصہ لیا، اللہ تعالی کے دین کی سربلندی اور اسلام کے غلبہ و نفاذ کے لیے جدوجہد سے امت محمدیہ کے سر فخر سے بلندکئے ۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام نظریاتی نے بیس سال قبل کہاتھا کہ شکست کفری قوتوں کامقدر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مجاہدین اسلام کی لازوال قربانیوں کوفراموش نہیں کرینگے جنہوں نے لہو دے کرامت مسلمہ کو آزادی کا راستہ دکھایا اور امت مسلمہ میں آزادی کا شعور پیداکیا۔