خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہائر ایجوکیشن، لائبریری اور آثار قدیمہ کا اجلاس آج ہوگا

July 26, 2021

پشاور(نامہ نگار) خیبرپختونخواسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہائر ایجوکیشن ،لائبریری اور آثار قد یمہ آج پیر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں گرلز کالج کے قیام اور بی اے بی ایس سی اور ایم اے ایم ایس سی امتحانات سمیت مختلف اہم ایشوز کا جائزہ لے گی،اس مقصد کےلئے خیبرپختونخواسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہائر ایجوکیشن ،لائبریری اور آثار قدیمہ کی چیئر پرسن اور صوبائی اسمبلی کی رکن مدیحہ نثار نے کمیٹی اجلاس آج پیر کو اسمبلی سیکرٹریٹ میں طلب کرلیا ہے، اجلاس کی صدارت کمیٹی کی چیئر پرسن رکن اسمبلی مدیحہ نثار کریں گی جبکہ اجلاس میں کمیٹی کے ممبرا ن کے علاوہ متعلقہ سرکاری محکموں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔اجلاس میں صوبے میں ایف ای ایف کالجوں سے متعلق کمیٹی کے 7جون کے اجلاس کی روشنی میں بعض اہم امور کے علاوہ ،پروا ڈیرہ اسماعیل خان میں گرلز کالج کے قیام سے متعلق رکن اسمبلی ڈاکٹر آسیہ اسد کی درخواست پر غور کیاجائےگا، اجلاس میں بی اے بی ایس سی اور ایم اے ایم ایس سی امتحانات سے متعلق رکن اسمبلی لیاقت خان کی درخواست پر بھی غور کیاجائےگا،یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اجلاس کےایجنڈے سے متعلق اسمبلی سیکرٹریٹ نے تمام متعلقہ محکموں کو 14جولائی کو ایک مراسلے کے ذریعے تحریری طورپر آگاہ کیا ہے۔