اولمپکس ولیج میں کورونا کیسز 148ہوگئے، ڈچ روئنگ ٹیم آئسولیٹ

July 27, 2021

ٹوکیو (جنگ نیوز ) اولمپک ولیج میں کورونا کے مزید 19 کیسز سامنے آ گئے جس کے بعد تعداد 148 تک پہنچ گئی ہے۔ نیدر لینڈ کی روئنگ ٹیم کے ایتھلیٹ ، کوچ اور ایک آفیشل میں کووڈ کی تصدیق کے بعد ڈچ ٹیم نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے ۔ دوسری جانب اولمپکس میں تماشائیوں کو اکھٹا ہونے کی اجازت نہیں لیکن ٹرائی تھلون مقابلے کو دیکھنے کےلیے تماشائیوں کی بڑی تعداد سڑک کے کناروں پر جمع ہوگئی ۔ دریں اثنا انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے وکٹری اسٹینڈ پر کوویڈ پروٹوکولز کے تحت میڈل تقریب میں 30 سیکنڈز تک ماسک اتارنے کی اجازت دے دی۔ آئی او سی کے مطابق ایتھلیٹس سماجی فاصلہ قائم رکھیں، ماسک صرف تیس سیکنڈز کے لیے اتار سکتے ہیں تاہم کئی ایتھلیٹس مقررہ وقت سے زیادہ ماسک اتارتے دیکھے گئے ہیں۔ سپورٹ اسٹاف اور کوچز کو بھی پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرتے دیکھا گیا، سپورٹ اسٹاف اور کوچز اسٹینڈز سے چلاتے ہیں، ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہیں، تمام افراد ٹوکیو اولمپکس کے ضابطے کے مطابق چلیں۔ بدقسمتی سے ہم جشن منانے کی اجازت نہیں دے سکتے، ایتھلیٹس صرف سماجی فاصلہ برقرار رکھ کر تصویر لے سکتے ہیں۔