طلحہ طالب کی کارکردگی نے سر فخر سے بلند کردیا، جاوید میانداد

July 27, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماضی کے عظیم کرکٹر جاوید میاں داد کا کہنا ہے کہ ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا ہے میں انہیں مبارک بار دیتا ہوں۔ حکام ایسے گوہر نایاب کو تراشنے کے لئے سر پرستی کرے۔ پیر کو سوشل میڈیا پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے علاوہ تمام کھیل زبوں حالی کا شکا ر ہیں۔کھیلوں میں توجہ دینے کی ضرورت ہے خاص طور پر قومی کھیل مسلسل تباہی کا شکار ہے۔ اسپورٹس مین عمران خان وزیر اعظم ہیں۔یقینی طور نئے پاکستان میں اسپورٹس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ سہولتوں کے بغیر طلحہ نے جو کیا وہ سب کی آنکھیں کھولنے کے مترادف ہے۔ عمران خان اسپورٹس فیڈریشن کا احتساب کریں۔عمران خان اور جہانگیر خان جیسے ہیروز موجود ہیں لیکن کھلاڑی مالی مسائل سے دوچار ہیں۔