پاور ہٹنگ پر توجہ، حسن علی بیٹنگ کی خصوصی مشقوں میں مصروف

July 27, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فاسٹ بولرحسن علی تینوں طرز کی کرکٹ میں ایک مستند آل راؤنڈر بننا چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں وہ نیٹ پریکٹس کے دوران بیٹنگ پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ پیر کو ایک انٹر ویو میں حسن علی کا کہنا ہے کہ وہ وسیم اکرم، عبدالرزاق اور اظہر محمود بننے کے خواہشمند ہیں۔ بیٹنگ آرڈر کی وجہ سے انہیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں عموماََ ڈیتھ اوورز میں بیٹنگ کا موقع ملتا ہے ، لہٰذا وہ نیٹ سیشنز میں ان ڈیتھ اوورز میں پاور ہٹنگ کی خصوصی مشق کررہے ہیں۔ کوشش کرتے ہیں کہ یارکرز، سلو ر ونز اور باؤنسرز کو باؤنڈری لائن کے باہر بھجوانے کی اچھی پریکٹس ملے۔ حسن علی نے کہاکہ محدود طرز کی کرکٹ میں بولنگ کے دوران ویری ایشنز کا بہتر استعمال بہت اہمیت اختیار کرچکا ہے۔لارڈز میں بولنگ کے دوران پانچ وکٹیں حاصل کرنا اور پھر بین اسٹوکس کو پویلین کی راہ دکھانے پر وہ بہت خوش تھے۔ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بہتر کارکردگی کے لیے پرامید ہیں۔ کیربیئن ٹور کے دوران بہترین بولنگ کے ساتھ پاور ہٹنگ کرنے کی کوشش کریں گے۔ 107 بین الاقوامی میچز میں 195 وکٹیں حاصل کرنے والے حسن علی اس دوران 691 انٹرنیشنل رنز بھی بناچکے ہیں ۔ انجری کے بعد رواں سال کم بیک کرنے والے حسن علی کی کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھی جاسکتی ہے۔